شاہی عیدگاہ سروے معاملہ: الہ آباد ہائی کورٹ کے فیصلے پر سپریم کورٹ کاروک لگانے سے انکار
نئی دہلی، 15 دسمبر
سپریم کورٹ نے فی الحال متھرا کے شاہی عید گاہ اورشری کرشن جنم بھومی مندر کے تنازعہ معاملے میں شاہی عیدگاہ کمپلیکس کا سروے کرنے کے الہ آباد ہائی کورٹ کے حکم پر روک لگانے سے انکار کر دیا ہے۔ جسٹس سنجیو کھنہ کی سربراہی والی بنچ نے یہ حکم دیا۔
سماعت کے دوران مسلم فریق کے وکیل حذیفہ احمدی نے کہا کہ ہائی کورٹ نے 14 دسمبر کو عدالت کے مقرر کردہ کمشنر کے ذریعے عیدگاہ کمپلیکس کے سروے کا حکم دیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ 18 دسمبر کو ہائی کورٹ سروے کے طریقے طے کرنے کے لیے سماعت کرے گی۔ انہوں نے ہائی کورٹ کے حکم پر فی الحال عبوری روک لگانے کا مطالبہ کیا۔ اس پر جسٹس سنجیو کھنہ نے کہا کہ اگر ہائی کورٹ کے حکم کی وجہ سے کوئی مسئلہ ہے تو آپ سپریم کورٹ آ سکتے ہیں۔ موسم سرما کی تعطیلات میں بھی معاملہ سپریم کورٹ میں اٹھایا جا سکتا ہے۔
واضح رہے کہ گزشتہ روز جمعرات کو الہ آباد ہائی کورٹ نے ہندو فریق کی درخواست پر فیصلہ سناتے ہوئے شاہی عید گاہ مسجد کے احاطے کے اے ایس آئی سروے کو منظوری دے دی ہے ۔