سہارنپور :ہندو لڑکی کو مسلم لڑکے کے ساتھ دیکھ کر مار پیٹ کرنے والے بجرنگ دل کے کارکنان گرفتار
سہارنپور پولیس نے کی کارروائی ،بد سلوکی کرنے والی خاتون بھی گرفتار، 20 جون کو لڑکی اور لڑکے کے ساتھ بد سلوکی اور گالی گلوج کی گئی تھی
نئی دہلی،21جون:۔
شدت پسند ہندو تنظیم بجرنگ دل کے کارکنان کی غنڈہ گردی ایک بار پھر سامنے آئی ہے ۔اتر پردیش کے سہارنپور میں ہندو لڑکی کو مسلم لڑکے کے ساتھ دیکھ کر بجرنگ دل کارکنان نے ان دونوں کی پٹائی کر دی ۔ان کے ساتھ بد سلوکی کی اور گالی گلوج بھی کی گئی ۔یہ واقعہ گزشتہ روز 20 جون سہارنپور تھانہ صدر بازار کی ریلوے ٹیتو کالونی میں پیش آیا تھا۔بد سلوکی کرنے والوں میں ایک خاتون بھی شامل تھی۔ویڈیو وائرل ہونے کے بعد پولیس نے اس سلسلے میں کارروائی کرتے ہوئے دو نوجوان ایک اور خاتون کو گرفتار کیا ہے ۔
رپورٹ کے مطابق سہارنپور میں صدر تھانہ بازار علاقے میں ایک ہندو لڑکی کو ایک مسلمان لڑکے کے ساتھ دیکھ کر بجرنگ دل کے کارکنوں نے انہیں پکڑ لیا اور دونوں کی پٹائی کی۔ لڑکے اور لڑکی دونوں ایک ساتھ پڑھتے ہیں۔ وہ کالونی میں گھوم رہے تھے جب بجرنگ دل کے کارکنوں نے ان کے ساتھ بدتمیزی کی۔ انہوں نے ان کے ساتھ زیادتی بھی کی۔اس دوران دونوں معافی مانگتے رہے۔ وہ چلے جانے کو کہتے رہے لیکن کسی نے ان کی ایک نہ سنی۔بد سلوکی اور مار پیٹ کرنے والوں میں ایک خاتون بھی شامل تھی ۔مار پیٹ کا ویڈیو وائرل ہونے کے بعد پولیس نے کارروائی کرتے ہوئے آج دو نوجوان اور اس خاتون کو گرفتار کر لیا ہے ۔
سہارنپور پولیس نے ایک ٹوئٹ کرتے ہوئے بتایا کہ کل 20.06.2023 کو ویڈیو میں نظر آنے والے 02 نوجوانوں اور 01 خاتون کو سہارنپور پولیس نے ایک لڑکی اور ایک نوجوان کے ساتھ مارپیٹ کے معاملے میں گرفتار کیا ہے۔ تھانہ صدر بازار میں مقدمات درج کر کے ضابطے کے مطابق ضروری قانونی کارروائی کی جا رہی ہے۔اپنی ٹوئٹ میں پولیس نے اس کا ذکر نہیں کیا کہ کس دفعہ کے تحت ان کے خلاف کارروائی کی جا رہی ہے ۔
رپورٹ کے مطابق منگل کی دوپہر ہندو لڑکی اپنے مسلمان دوست کے ساتھ کہیں جا رہی تھی۔ تبھی بجرنگ دل کے کارکنوں نے دونوں کو پکڑ لیا۔ کچھ ہی دیر میں محلے کے لوگوں کا ہجوم جمع ہوگیا۔ اس میں ایک عورت بھی تھی۔ خاتون نے پوچھ تاچھ میں دونوں کو مارنا شروع کر دیا۔ بتایا جا رہا ہے کہ لڑکے اور لڑکی کے ساتھ بد سلوکی اور مار پیٹ کرنے والی خاتون کا تعلق درگا واہنی سے ہے ۔