سڑک کنارے نماز پڑھنے پر ٹرک ڈرائیور گرفتار
سوشل میڈیا پر ویڈیو وائرل ہونے کے بعد گجرات پولیس نے کارروائی کی
پالن پور،15جنوری :۔
اس وقت پورے ملک میں رام مندر کی پران پرتشٹھا کو لے کر ہون پوجن اور دیگر مذہبی سرگرمیاں جاری ہیں ۔ لوگوں سے دکانوں مکانوں اور گھروں کو سجانے کی اپیل کی جا رہی ہے اور سڑکوں ،بسوں اور عوامی مقامات پر بھجن کرتن چل رہا ہے لیکن وہیں دوسری طرف سڑک کے کنارے خاموشی سے پر امن طریقے سے نماز پڑھنے والے ایک ٹرک ڈرائیور کو مختلف دفعات کے تحت مقدمہ درج کرکے گرفتار کر لیا گیا ہے ۔
رپورٹ کے مطابق گجرات کے بناساکانٹھا ضلع میں ایک ٹرک ڈرائیور کو مبینہ طور پر مصروف سڑک کے کنارے ‘نماز’ ادا کرنے کے الزام میں گرفتار کیا گیا، پولیس نے اتوار کو اس کی اطلاع دی ۔سوشل میڈیا پر ویڈیو وائرل ہونے کے بعد پولیس نے کارروائی کی ہے ۔
رپورٹ کے مطابق بچل خان (37) کے خلاف سوشل میڈیا پر ایک ویڈیو منظر عام پر آنے کے بعد مقدمہ درج کیا گیا تھا، جس میں وہ پالن پور شہر کے قریب ایک مصروف چوراہے پر کھڑے اپنے ٹرک کے سامنے نماز پڑھتے ہوئے دیکھا گیا تھا، پالن پور (مغربی) پولیس اسٹیشن کے ایک اہلکار نے یہ دعویٰ کیا ۔
ملزم نے جمعہ کو ایک ہائی وے پر ایک مصروف چوراہے پر اپنے ٹرک کو روکنے کے بعد ‘نماز’ پڑھی، اس نے مزید کہا کہ کسی نے ویڈیو شوٹ کی جو سوشل میڈیا پر وائرل ہوگئی، جس سے پولیس نے کارروائی کی۔
اہلکار کے مطابق خان کے خلاف تعزیرات ہند (آئی پی سی) کی دفعہ 283 (عوامی راستے میں خطرہ)، 186 (سرکاری ملازم کے فرائض کی انجام دہی میں رکاوٹ) اور 188 (سرکاری ملازم کے ذریعہ جاری کردہ حکم کی نافرمانی) کے تحت ایف آئی آردرج کی گئی تھی۔