سپریم کورٹ نے NEET اور JEE کے امتحانات مؤخر کرنے کی درخواست مسترد کی، ستمبر میں ہوں گے امتحانات
نئی دہلی، اگست 17: بار اینڈ بنچ کی خبر کے مطابق سپریم کورٹ نے کورونا وائرس کے بحران کے دوران NEET اور (JEE(Main کے امتحانات ملتوی کرنے کی درخواست مسترد کردی۔
عدالت نے کہا کہ دونوں امتحانات مقررہ وقت کے مطابق ستمبر میں ہوں گے۔
جسٹس ارون مشرا نے کہا کہ امتحانات ملتوی کرنے سے طلبا کا کیریئر خطرے میں پڑ جائے گا۔
نیشنل ٹیسٹنگ ایجنسی کی جانب سے پیش ہونے والے سالیسیٹر جنرل تشار مہتا نے استدلال کیا کہ امتحانات کروائے جائیں اور مناسب احتیاطی تدابیر اختیار کی جائیں گی۔
امتحانات مسترد کرنے کی درخواست 6 اگست کو 11 طلبا کے ایک گروپ کے ذریعے دائر کی گئی تھی۔
درخواست گزاروں نے کہا تھا کہ حکومت کے امتحانات کے انعقاد کے فیصلے ’’طلبا کی زندگی کے بنیادی حق‘‘ کی خلاف ورزی ہیں۔
واضح رہے کہ جے ای ای مین کا امتحان جو ابتدائی طور پر اپریل میں منعقد ہونا تھا لیکن جولائی تک کے لیے ملتوی کردیا گیا تھا۔ اب اس کا انعقاد یکم ستمبر سے 6 ستمبر تک ہونا ہے۔ وہیں NEET مئی میں ہونا تھا لیکن اسے بھی جولائی تک کے لیے ملتوی کردیا گیا تھا اور اب اس کا انعقاد 13 ستمبر کو کیا جائے گا۔