سونیا گاندھی، راہل گاندھی، منموہن سنگھ اور پرینکا گاندھی نے راج گھاٹ پر شہریت ترمیمی قانون کے خلاف ستیہ گرہ میں لیا حصہ، پڑھا آئین کا پہلا صفحہ
نئی دہلی، دسمبر 23— کانگریس پارٹی کی عبوری صدر سونیا گاندھی، سابق وزیر اعظم منموہن سنگھ اور راہل گاندھی کے ساتھ پارٹی کے دیگر سینئر رہنماؤں نے یہاں راج گھاٹ پر "ستیہ گرہ برائے اتحاد” میں دستور کا پہلا صفحہ پڑھا۔
کانگریس نے بی جے پی کی زیرقیادت این ڈی اے حکومت کے منظور کردہ شہریت ترمیمی قانون کے خلاف، جس کے بارے میں کہا جاتا ہے کہ یہ آئین کی شقوں کی خلاف ورزی ہے، اپنے ملک گیر پروگرام کے ایک حصے کے طور پر ستیہ گرہ کا اہتمام کیا تھا۔
ستیہ گرہ دھرنا میں شامل ہونے والے کانگریس قائدین میں مدھیہ پردیش کے وزیر اعلی کمل ناتھ، سابق مرکزی وزیر آنند شرما اور راجیہ سبھا میں قائد حزب اختلاف غلام نبی آزاد بھی شامل تھے۔
دستور کے پہلے صفحے نے ہندوستان کو "ایک خودمختار، سوشلسٹ، سیکولر، اور جمہوری” ملک بتایا ہے۔ اس سے ہندوستان کے تمام شہریوں کو انصاف، آزادی اور برابری ملتی ہے اور لوگوں میں اتحاد کو فروغ ملتا ہے۔
دستور کا سر ورق پڑھ کر کانگریس نے وزیر اعظم نریندر مودی کو یاد دلایا کہ ہندوستان کا آئین سیکولر ہونے کے ناطے تمام عقائد کے لوگوں کے ساتھ برابری کا سلوک کرتا ہے لہذا شہریت ترمیمی قانون آئین مخالف ہے اور اس کو واپس لیا جانا چاہیے۔