سوشل میڈیا پوسٹ کیس میں کرناٹک پولیس نےنڈا اور مالویہ کو نوٹس بھیجا
کانگریس کے خلاف انیمیٹیڈ ویڈیو شیئر کرنے کا معاملہ ، نوٹس میں دونوں رہنماوں کو ایک ہفتے میں پیش ہونے کا حکم
نئی دہلی، 8 مئی
کرناٹک پولیس نے بی جے پی کے صدر جے پی نڈا اور آئی ٹی سیل کے سربراہ امیت مالویہ کو بی جے پی کی ریاستی اکائی کی سوشل میڈیا (X) پوسٹس پر نوٹس جاری کیا ہے۔
پوسٹ کے سلسلے میں بنگلورو کے ہائی گراؤنڈ پولیس اسٹیشن میں فرسٹ انفارمیشن رپورٹ (ایف آئی آر) درج کی گئی ہے۔ اس میں دونوں لیڈروں کے نام شامل ہیں۔ نوٹس میں دونوں رہنماوں کو ایک ہفتے میں پیش ہونے کا کہا گیا ہے۔
کرناٹک بی جے پی کی متنازعہ پوسٹ میں ایک ویڈیو شامل ہے۔ اس میں کانگریس کو درج فہرست ذاتوں، درج فہرست قبائل اور دیگر پسماندہ طبقات کی قیمت پر مسلمانوں کو ریزرویشن دیتے ہوئے دکھایا گیا تھا۔
کرناٹک کے چیف الیکٹورل آفیسر نے اس پوسٹ کو ہٹانے کو کہا تھا۔ جب ایسا نہیں ہوا تو الیکشن کمیشن نے اسے ہٹانے کے لیے منگل کو ایکس کو نوٹس بھیجا۔