سنہری باغ مسجد معاملہ: دہلی ہائی کورٹ نے کارروائی پر لگائی روک ،8 جنوری کو سماعت
نئی دہلی،31دسمبر :۔
دہلی کی تاریخی سنہری باغ مسجدپر این ڈی ایم سی کی کارروائی کے خلاف ملی تنظیموں اور سر کردہ شخصیات کی سر گرمی رنگ لائی ہے اور دہلی ہائی کورٹ نے کسی بھی طرح کی کارروائی پر روک لگا دی ہے ۔ دہلی ہائی کورٹ نے سنہری باغ مسجد کے امام کی درخواست پر سماعت کرتے ہوئے کسی بھی طرح کی کارروائی پر روک لگاتے ہوئے معاملے کی اگلی سماعت 8جنوری کو کرنے کی ہدایت دی ہے ۔
خیال رہے کہ نئی دہلی میونسپل کارپوریشن (این ڈی ایم سی) کی مسجد کو منہدم کرنے کی تجویز کو سنہری باغ مسجد کے امام نے ہائی کورٹ میں چیلنج کیا تھا، این ڈی ایم سی کی جانب سے کوئی کارروائی نہ کرنے کی یقین دہانی کے بعد 8 جنوری کو سماعت کا حکم دیا ہے ۔
امام عبدالعزیز کی نمائندگی ان کے وکیل ایڈوکیٹ شعیب احمد خان نے کی۔ انہوں نے دہلی ہائی کورٹ میں ایک رٹ پٹیشن دائر کی جس میں این ڈی ایم سی کی طرف سے 24 دسمبر کو جاری کیے گئے عوامی نوٹس کو چیلنج کیا گیا، جس میں تاریخی سنہری باغ مسجد کے مجوزہ انہدام کے بارے میں عوام سے یکم جنوری تک رائے مانگی گئی تھی۔
ایڈوکیٹ شعیب نے ہائی کورٹ سے اس کیس کی سماعت کو تیز کرنے کی اپیل کی، اور وضاحت کی کہ مسجد کے انہدام کے بارے میں عوام کے تاثرات کی آخری تاریخ یکم جنوری کو ختم ہو رہی ہے، جس کے بعد NDMC مسجد کے خلاف زبردستی کارروائیوں کے ساتھ آگے بڑھ سکتا ہے۔جسٹس منوج جین کی قیادت والی تعطیلاتی بنچ نے 8 جنوری کو سماعت کے لیے عرضی درج کر لی ہے ۔
ایڈوکیٹ شعیب نے انڈیا ٹومارو کو بتایا کہ این ڈی ایم سی کے وکیل نے عدالت کو یقین دلایا ہے کہ این ڈی ایم سی ہیریٹیج کنزرویشن کمیٹی (ایچ سی سی ) کی اجازت کے بغیر کوئی کارروائی نہیں کر سکتا۔ کارروائی کے دوران، امام کے وکیل نے عدالت کو واضح کیا کہ وہ عبوری فیصلہ نہیں مانگ رہے ہیں اور زور دیا کہ قانون خاص طور پر این ڈی ایم سی کو کسی تاریخی عمارت کو گرانے کا اختیار نہیں دیتا ہے۔
فوری درخواست میں ایڈوکیٹ شعیب نے عدالت سے درخواست کی کہ وہ رٹ پٹیشن کو فوری طور پر قبول کرے کیونکہ درخواست گزار نے این ڈی ایم سی کی طرف سے پبلک نوٹس ایشو پر روک لگانے کے لیے عبوری ریلیف کی درخواست کی تھی۔اس کے جواب میں، این ڈی ایم سی کے وکیل نے کہا کہ اہم ایچ سی سی کے فیصلہ کے بغیر کچھ نہیں کرنے والے ہیں ،ہم نے صرف پبلک سے تجاویز طلب کئے ہیں۔
درخواست گزار نے عدالت توجہ دلاتے ہوئے کہا کہ مسجد کے وجود سے کبھی کوئی مسئلہ پیدا نہیں ہوا۔ اس کے بجائے، یہ لوٹینس زون کی اجتماعی ترقی کے حوالہ کے طور پر کام کرتی ہے۔ عرضی گزار نے ٹریفک کی بھیڑ کے بارے میں NDMC کی دلیل کے جواب میں کہا کہ علاقے میں ٹریفک کے مسائل کی اصل وجہ مسجد نہیں بلکہ ارد گرد کی سرکاری عمارتیں ہیں۔