سنجے راوت کے بعد ادھو ٹھاکرے کا بھی دعویٰ،کسی بھی وقت ہو سکتا ہے الیکشن
نئی دہلی ،24اپریل :۔
مہاراشٹر کی سیاست میں ایک بار پھر زلزلے کے آثار نظر آ رہے ہیں۔ شیوسینا (ادھو بالا صاحب ٹھاکرے) کے رہنما سنجے راوت کے اس دعوے کے بعد کہ ایکناتھ شندے کی قیادت والی حکومت15 دنوں کی مہمان ہے ۔ادھو ٹھاکرے نے بھی چونکانے والا دعویٰ کر دیا ہے ۔ رپورٹ کے مطابق جلگاؤں ضلع میں ایک ریلی سے خطاب کرتے ہوئے، انہوں نے کہا کہ ریاست میں انتخابات ‘کسی بھی وقت’ ہو سکتے ہیں اور ان کی پارٹی اس کے لیے تیار ہے۔
دراصل، سنجے راوت نے دعویٰ کیا تھا کہ ایکناتھ شندے کی حکومت کا ‘ڈیتھ وارنٹ’ جاری کیا جا چکا ہے۔ یہ حکومت اگلے 15-20 دنوں میں گر جائے گی۔ اس بیان کے بعد ہی ٹھاکرے کا بیان بھی سامنے آیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ معاملہ سپریم کورٹ میں ہے اور ہمیں امید ہے کہ فیصلہ ہمارے حق میں آئے گا۔ اس کے بعد کسی بھی وقت کچھ بھی ہو سکتا ہے۔
ٹھاکرے نے طنز کیا کہ ریاستی بی جے پی کے سربراہ چندر شیکھر باونکولے نے کہا تھا کہ شندے کی پارٹی کو کل 288 میں سے صرف 48 سیٹیں دی جائیں گی۔ انہوں نے سوال کیا کہ کیا بی جے پی اس شخص کی قیادت میں الیکشن لڑے گی جس نے صرف 48 سیٹوں پر مقابلہ کیا تھا؟ وزیر اعلی شندے اور دیگر باغی رہنماؤں کا حوالہ دیتے ہوئے، ٹھاکرے نے کہا کہ ان کی پارٹی اور حامی اس بات کو یقینی بنائیں گے کہ ‘غدار’ سیاسی طور پر ختم ہو جائیں۔ انہوں نے کہا کہ سب دیکھیں گے کہ آپ ختم ہو گئے ہیں۔
واضح رہے کہ ٹھاکرے کو گزشتہ سال ان کے وزیر اعلیٰ کے عہدے سے ہٹا دیا گیا تھا جب شیوسینا کے ایکناتھ شندے کی قیادت میں باغی لیڈروں کے ایک حصے نے بی جے پی سے ہاتھ ملایا اور ریاست میں مخلوط حکومت بنائی۔ اس کے بعد شیوسینا کے دونوں فریقوں کے درمیان رسہ کشی ہو گئی۔ ٹھاکرے کے زیرقیادت دھڑے نے اسی مسئلہ کو لے کر اس سال کے شروع میں سپریم کورٹ کا رخ کیا تھا۔ دریں اثنا، الیکشن کمیشن آف انڈیا (ای سی آئی) نے شندے دھڑے کو حقیقی شیو سینا کے طور پر تسلیم کیا اور دونوں گروپوں کو نئے نام الاٹ کر دیئے۔