سب سے بڑے یومیہ اضافے کے ساتھ ہندوستان میں کورونا متاثرین کی تعداد 2 لاکھ ست تجاوز، آئی سی ایم آر کا کہنا ہے کہ ’’ہم ابھی بھی بیماری کے عروج سے دور ہیں‘‘

نئی دہلی، جون 3:لاک ڈاؤن کے اقدامات میں کافی آسانی اور قومی ٹرانسپورٹ کھول دیے جانے کے دو دن بعد ہندوستان میں کورونا وائرس کے واقعات کی تعداد 2 لاکھ سے تجاوز کر گئی۔ آج صبح تک ملک بھر میں 2،07،615 کیسز ریکارڈ ہوئے ہیں۔ گذشتہ ایک دن میں 8،909 کوویڈ 19 انفیکشن کی اطلاع ملی۔ یہ ملک میں اب تک کا سب سے زیادہ یک روزہ اضافہ ہے۔ اموات کی تعداد بھی 217 تازہ اموات کے ساتھ مجموعی طور پر 5،598 تک جا پہنچی ہے۔

انڈین کونسل آف میڈیکل ریسرچ نے ’’کمیونٹی ٹرانسمیشن‘‘ کی اصطلاح کے استعمال کے خلاف ایک بار پھر خبردار کیا۔ منگل کو آئی سی ایم آر کی سائنس دان نیویدیتا گپتا نے کہا کہ ہندوستان ابھی بھی عروج سے دور ہے اور انھوں نے مزید کہا کہ کوویڈ 19 کے لیے ہر روز ایک لاکھ سے زیادہ نمونوں کی جانچ کی جا رہی ہے۔

جان ہاپکنز یونی ورسٹی کے مطابق عالمی سطح پر اب تک کورونا وائرس نے 63.77 لاکھ سے زیادہ افراد کو متاثر کیا ہے اور 3.8 لاکھ سے زیادہ افراد کی جانیں لی ہیں۔ وہیں 27.3 لاکھ افراد صحت یاب ہوئے ہیں۔