سابق وزیر اعظم دیو گوڑا کے بیٹے ایچ ڈی ریوناگرفتار

کورٹ سے ضمانت کی عرضی خارج ہونے کے بعد کرناٹک ایس آئی ٹی نے کیا گرفتار

نئی دہلی،05 مئی :۔

ملک کے سابق وزیر اعظم ایچ ڈی دیو گوڑا کے بیٹے ایچ ڈی ریونا کو کرناٹک پولیس کی ایس آئی ٹی نے گرفتار کر لیا ہے۔ اغوا کے معاملے میں انہیں گرفتار کیا گیا ہے اور ان سے پوچھ گچھ جاری ہے۔ گزشتہ جمعرات کو میسرو میں ایک خاتون نے ایچ ڈی ریونا کے خلاف اغوا کا معاملہ درج کرایا تھا اور اسی معاملے کو لے کر انہیں گرفتار کیا گیا ہے۔

میڈیا رپورٹ کے مطابق ایس آئی ٹی نے ریونا کو دو بار نوٹس دیا اور اس کے بعد بھی وہ حاضر نہیں ہوئے ۔ اس کے بعد ان کی گرفتاری کی گئی ہے۔ گرفتاری سے بچنے کے لئے ایچ ڈی ریونا نے پیشگی ضمانت کی عرضی بھی کورٹ میں داخل کی تھی لیکن اسے خارج کر دیا گیا ۔ اس پر 6مئی  کو اگلی سماعت ہوگی۔

واضح رہے کہ ایچ ڈی ریونا اور پجول ریونا کے خلاف لوک آؤٹ نوٹس بھی جاری کیا گیا تھا اور سی بی آئی کی مانگ کی گئی ہے کہ انٹر پول سے بلیو کارنر نوٹس بھی جاری کروایا جائے۔ ایچ ڈی ریونا کی گرفتاری سے پہلے کرناٹک کے وزیر داخلہ جی پرمیشور نے کہا تھا کہ انہیں ایک اور موقع دیا جائے گا اور دفعہ 41 کے تحت نوٹس دیا گیا ہے۔ انہیں ایس آئی ٹی کے سامنے پیش ہو کر اپنا موقف رکھنا ہے۔ اگر 24 گھنٹے میں وہ پیش نہیں ہوتے ہیں تو ان کے خلاف کارروائی ہوگی ۔ جیسا وزیر داخلہ نے کہا تھا ٹھیک ویسا ہی ہوا اور اب انہیں گرفتار کر لیا گیا ہے۔پولیس نے ریونا اور میسور ضلع کے کرشنا راج نگر تعلقہ کے  ساکن ستیش ببنا کے خلاف اغوا سمیت دیگر  الزامات میں تعزیرات ہند کی متعدد دفعات کے تحت معاملہ درج کیا گیا۔ انہیں 14 دن کی عدالتی حراست میں بھیج دیا گیا ہے۔