زراعت بل: ڈیریک اوبرائن سمیت 7 دیگر ممبران پارلیمنٹ کو راجیہ سبھا میں ’’غیر مہذب سلوک‘‘ کی وجہ سے معطل کردیا گیا
نئی دہلی، ستمبر 21: این ڈی ٹی وی کے مطابق راجیہ سبھا کی چیئرپرسن ایم وینکیا نائیڈو نے پیر کے روز ایوان بالا میں اپوزیشن پارٹیوں کے 8 اراکین پارلیمنٹ کو مانسون اجلاس کے ایک ہفتے کے لیے معطل کردیا۔
معطل ممبران پارلیمنٹ ترنمول کانگریس کے ڈریک او برائن اور ڈولا سین، راجیو ستاو، رپُن بورا اور کانگریس کے سید ناصر حسین، کمیونسٹ پارٹی آف انڈیا (مارکسسٹ) کے ایلامارم کاریم اور کے کے راگیش اور عام آدمی پارٹی کے سنجے سنگھ ہیں۔
اے این آئی کے مطابق نائیڈو نے کہا ’’کل (اتوار کو) راجیہ سبھا کے لیے برا دن تھا جب کچھ اراکین ایوان وسط میں اتر آئے تھے۔ ڈپٹی چیئرمین کو جسمانی طور پر دھمکی دی گئی اور انھیں اپنی ڈیوٹی انجام دینے سے روکا گیا۔ یہ افسوسناک اور قابل مذمت ہے۔‘‘
نائیڈو نے مزید کہا کہ قواعد کے تحت ڈپٹی چیئرمین کے خلاف تحریک عدم اعتماد قابل قبول نہیں ہے۔
واضح رہے کہ 45 سے زیادہ ارکان پارلیمنٹ نے ہری ونش نارائن سنگھ کے خلاف عدم اعتماد کی تحریک داخل کی تھی۔ جس کے بعد انھوں نے ایوان بالا کو صبح 10.30 بجے تک ملتوی کردیا۔