’’رام مندر کی تعمیر پورے خطے کی معیشت کو بلندی پر لے جائے گی‘‘، ’’بھومی پوجن‘‘ کے بعد وزیر اعظم مودی کا دعویٰ
ایودھیا، 5 اگست: ’’صدیوں کا انتظار ختم ہوچکا ہے اور ہندوستان ایودھیا میں سنہرا باب تخلیق کررہا ہے۔‘‘ ان خیالات کا اظہار وزیر اعظم نریندر مودی نے آج رام مندر کا ’’بھومی پوجن‘‘ کرنے کے بعد کہا۔
’’جے سیا رام‘‘ کے نعرے کے ساتھ اپنی تقریر کا آغاز کرتے ہوئے وزیر اعظم نے اجتماع کو بتایا کہ ’’رام للا‘‘ کے لیے ایک عظیم الشان مندر تعمیر کیا جائے گا۔
دی ٹربیون کی خبر کے مطابق انھوں نے کہا ’’بہت سے لوگوں نے رام مندر کے لیے قربانیاں دیں۔ میں ان سب کے لیے اپنے احترام کا اظہار کرتا ہوں۔ بھگوان رام کے وجود کو مٹانے کی کوششوں کے باوجود، وہ ہمارے دلوں میں زندہ ہیں اور وہ ہماری ثقافت کی اساس ہیں۔ لارڈ رام کی حکمرانی کا بنیادی اصول معاشرتی ہم آہنگی تھا۔‘‘
وزیر اعظم نے کہا کہ ’’رام مندر کی تعمیر ملک کو متحد کرنے کا ایک ذریعہ تھی۔‘‘
دی ٹربیون کے مطابق مودی نے دعویٰ کیا کہ ’’رام مندر کی تعمیر سے پورے خطے کی معیشت بلند ہوگی۔‘‘
وزیر اعظم نے ایک تختی کی نقاب کشائی بھی کی اور یادگاری ڈاک ٹکٹ بھی جاری کیا۔
وہ ایک ہیلی کاپٹر میں ایودھیا پہنچے تھے جہاں اترپردیش کے وزیر اعلی یوگی آدتیہ ناتھ نے ان کا استقبال کیا۔