رام مندر افتتاحی پروگرام کے موقع پر ”گودھرا“ دوہرایا جاسکتا ہے
جلگاؤں میں تقریب کے دوران ادھو ٹھاکرے کا انتباہ،بی جے پی رہنماوں نے شدید تنقید کی
ممبئی،12ستمبر :۔
اتر پردیش کے ایودھیا میں رام مندر کے افتتاح میں ابھی وقت ہے مگر اس سے قبل بحث تیز ہو گئی ہے ۔ در اصل مہاراشٹر کے سابق وزیر اعلیٰ ادھو ٹھاکرے نے ایودھیا میں رام مندر کے افتتاح کے بعد رام مندر کے نام پر گودھرا جیسا واقعہ پیش آنے کے بارے میں خبردار کیا ہے۔
واضح ہوکہ اس مندر کا افتتاح لوک سبھا انتخابات سے چند ماہ قبل جنوری میں ہونا ہے امکان ہے کہ ملک بھر سے دسیوں ہزار ہندوعقیدت منداس میں شرکت کریں گے۔
مرکز میں برسراقتدار بھارتیہ جنتا پارٹی کے خلاف مسٹر ٹھاکرے کے دعوے پر بی جے پی کے سینئر لیڈر روی شنکر پرساد نے کڑی تنقید کی ہے، انہوں نے اپنے سابق اتحادی کو یاد دلایا کہ بالاصاحب ٹھاکرےنے رام مندر تحریک کو "آشیرواد” دیا تھا۔
مسٹر ٹھاکرے کے تبصرہ کو مرکزی وزیر انوراگ ٹھاکر اور گوا کے وزیر اعلیٰ پرمود ساونت نے بھی تنقید کا نشانہ بنایا۔
جلگاؤں میں ایک تقریب میں، ادھو ٹھاکرے نے اس امکان کا حوالہ دیا کہ "بسوں اور ٹرینوں میں پورے ملک سے بہت سے ہندوؤں کو بلایا جائے گا… اور، وہاں سے واپس آتے ہوئے، راستے میں کہیں گودھرا جیسا واقعہ ہو سکتا ہے۔ ایسا خارج از امکان نہیں ہے… حملہ ہو سکتا ہے۔ مثلا کسی کالونی میں بسیں جلا دیں گے ، پتھر پھینکیں گے… پھر قتل عام ہو گا۔ ملک میں ایک بار پھر آگ لگ جائے گی… اور وہ اپنی سیاسی روٹی ان شعلوں پر پکائیں گے۔ادھو ٹھاکرے نے یہ خدشہ ظاہر کیا ۔