راجستھان ہائی کورٹ نے بی ایس پی کے چھ سابق ممبران اسمبلی کو کانگریس میں ضم کرنے کے خلاف بی جے پی کی درخواست مسترد کی
جے پور، جولائی 27: راجستھان ہائیکورٹ نے بھارتیہ جنتا پارٹی کے رکن اسمبلی مدن دلاور کی طرف سے بہوجن سماج پارٹی کے سابق 6 ممبران اسمبلی کے کانگریس میں ضم ہونے کے خلاف دائر درخواست کو پیر کے روز مسترد کردیا۔
بی ایس پی کے سابق اراکین اسمبلی سندیپ یادو، واجب علی، دیپ چند کھیریا، لکھن مینا، جوگیندر اوانا اور راجندر گڈھا نے 16 ستمبر 2019 کو کانگریس میں انضمام کے لیے درخواست دی تھی، اس درخواست کو راجستھان اسمبلی کے اس وقت کے اسپیکر چندر پرکاش جوشی نے منظور کیا تھا۔ دو دن بعد اسپیکر نے اعلان کیا تھا کہ ان اراکین اسمبلی کو کانگریس کا ایک حصہ سمجھا جائے گا۔
نائب وزیر اعلی سچن پائلٹ کی بغاوت کے بعد کانگریس کے پاس راجستھان اسمبلی میں 107 ایم ایل اے رہ گئے ہیں جن میں 6 بہوجن سماج پارٹی کے اراکین بھی شامل ہیں۔ 200 رکنی ایوان میں اکثریت کا نشان 101 ہے۔
دریں اثنا آج راجستھان اسمبلی کے اسپیکر نے ہائی کورٹ کے 21 جولائی کو پائلٹ اور کانگریس کے 18 باغی ممبروں کو جاری کردہ نااہلی کے نوٹسز پر کارروائی مؤخر کرنے کے حکم کے خلاف سپریم کورٹ میں دائر اپنی درخواست واپس لے لی۔