راجستھان سیاسی بحران: سپریم کورٹ نے راجستھان اسمبلی کے اسپیکر کے ذریعے ہائی کورٹ کے حکم کے خلاف دائر درخواست مسترد کی، عدالت نے کہا کہ ہائی کورٹ اس معاملے میں اپنا فیصلہ سنا سکتی ہے
نئی دہلی، جولائی 23: بار اینڈ بینچ کی خبر کے مطابق سپریم کورٹ نے آج ہائی کورٹ کے ذریعے 19 باغی اراکین اسمبلی کو بھجوائے گئے نااہلی کے نوٹسز پر کارروائی مؤخر کرنے کے حکم کے خلاف راجستھان اسمبلی کے اسپیکر سی پی جوشی کی درخواست مسترد کردی۔
اعلی عدالت نے کہا کہ راجستھان ہائی کورٹ 24 جولائی کو نااہلی کے نوٹس کو چیلنج کرنے والے باغی اراکین اسمبلی کی درخواست پر اپنا فیصلہ سنا سکتی ہے۔
تاہم جسٹس اے کے مشرا نے کہا کہ سپریم کورٹ 27 جولائی کو اس کیس کی دوبارہ سماعت کرے گی اور ہائی کورٹ کا فیصلہ بھی اس کے آخری فیصلے سے مشروط ہوگا۔
کانگریس کے سینئر رہنما کپل سبل نے، جو جوشی کے لیے پیش ہوئے، استدلال کیا تھا کہ جب اسپیکر اس کیس کا فیصلہ سنارہا ہے تو اس دوران راجستھان ہائی کورٹ اس میں مداخلت نہیں کرسکتی ہے
اعلیٰ عدالت نے پوچھا ’’کیا لوگوں کے ذریعے منتخب کیا ہوا شخص اپنی ناراضگی کا اظہار نہیں کرسکتا؟‘‘
عدالت نے مزید کہا ’’اختلاف رائے کو ختم نہیں کیا جاسکتا۔ جمہوریت میں کیا کسی کو اس طرح محصور کیا جاسکتا ہے؟‘‘
اعلی عدالت نے کپل سبل سے یہ بھی پوچھا کہ وہ راجستھان ہائی کورٹ کے فیصلے کا ایک اور دن انتظار کیوں نہیں کرسکتے۔
بدھ کے روز دائر اپنی درخواست میں جوشی نے کہا تھا کہ نااہلی کا عمل اسمبلی کی کارروائی کا حصہ ہے اور راجستھان ہائی کورٹ باغی اراکین اسمبلی کے خلاف کارروائی ملتوی کرنے کا کہہ کر اس میں مداخلت نہیں کر سکتی۔