راجستھان بلدیاتی انتخابات: کانگریس نے سب سے زیادہ نشستیں حاصل کیں، بی جے پی تیسرے نمبر پر

جے پور، دسمبر 14: راجستھان میں برسراقتدار کانگریس پارٹی نے 50 میونسپل باڈیوں میں وارڈ کونسلر کے کل 1،775 عہدوں میں سے 619 پر کامیابی حاصل کی ہے۔ نتائج کا اعلان اتوار کو کیا گیا تھا۔

دی انڈین ایکسپریس کے مطابق کانگریس کے بعد سب سے زیادہ آزاد امیدواروں نے 596 وارڈوں میں کامیابی حاصل کی۔ وہیں بھارتیہ جنتا پارٹی نے 548 وارڈوں پار کامیابی کے ساتھ تیسری پوزیشن حاصل کی۔

دوسرے فاتحین میں بہوجن سماج پارٹی کے سات، ​کمیونسٹ پارٹی آف انڈیا اور کمیونسٹ پارٹی آف انڈیا (مارکسسٹ) کے دو دو اور راشٹریہ لوک تانترک پارٹی کے ایک امیدوار شامل ہیں۔

ہندوستان ٹائمز کے مطابق 12 اضلاع کے 50 میونسپل اداروں میں 1،775 وارڈوں کے لیے ووٹنگ ہوئی تھی اور79.90 ووٹرز نے اس انتخابات میں ووٹ ڈالے تھے۔

وزیر اعلی اشوک گہلوت نے کانگریس کی جیت کی تعریف کرتے ہوئے ٹویٹ کیا ’’میں ان تمام شہریوں کا شکریہ ادا کرتا ہوں جنھوں نے کانگریس پر اعتماد ظاہر کیا اور اسی وجہ سے پارٹی جیتی۔ میں کانگریس کے تمام کارکنوں کا شکریہ ادا کرتا ہوں۔ ان کی محنت کی وجہ سے ہی پارٹی کو کامیابی ملی ہے۔‘‘

پارٹی کی ریاستی یونٹ کے سربراہ گووند سنگھ نے کہا کہ نتائج سے ظاہر ہوتا ہے کہ بی جے پی شہری ووٹرز سے ’’دور‘‘ ہو رہی ہے۔ انھوں نے مزید کہا کہ جہاں تک آزاد امیدواروں کا تعلق ہے، ان میں سے بیشتر کانگریس کے حمایت یافتہ ہیں۔

تاہم بی جے پی کے ریاستی صدر ستیش پونیا نے کہا کہ نتائج کانگریس کے خلاف ہیں کیوں کہ بی جے پی اور آزاد امیدواروں نے 60 فیصد سے زیادہ نشستیں حاصل کی ہیں۔ انھوں نے کہا کہ اس کا مطلب ہے ’’مینڈیٹ کانگریس کے خلاف چلا گیا‘‘۔