دہلی: پولیس کا کہنا ہے کہ جھڑپوں کے بارے میں افواہیں پھیلانے کے الزام میں 24 افراد گرفتار
نئی دہلی، مارچ 3: اے این آئی کے مطابق دہلی پولیس نے پیر کو کہا کہ اتوار کی رات شہر کے کچھ حصوں میں کشیدہ ماحول کے بارے میں افواہیں پھیلانے کے لیے 24 افراد کو گرفتار کیا گیا ہے۔ اتوار کی شام کو تازہ تشدد کی افواہوں نے کچھ علاقوں میں خوف و ہراس پھیلادیا تھا لیکن پولیس نے ان افواہوں کو بڑھنے سے روک دیا۔
پولیس نے بتایا کہ دو افراد کو وسطی ضلع سے، 21 کو شمال مغربی ضلع سے اور ایک کو روہنی ضلع سے گرفتار کیا گیا ہے۔ اس سے قبل افواہوں کو پھیلانے کے الزام میں دو افراد کو حراست میں لیا گیا تھا۔
دہلی پولیس کمشنر ایس این شریواستو نے شہریوں پر زور دیا کہ وہ مرکزی پولیس کنٹرول روم سے تشدد کی غیر مصدقہ اطلاعات کی تصدیق کریں۔ انھوں نے مزید کہا کہ چھ مقدمات بھی درج کیے گئے ہیں اور یہ کہ افواہیں پھیلانے کے سلسلے میں تفتیش جدید مراحل میں ہے۔
گذشتہ ہفتے قومی دارالحکومت میں بڑے پیمانے پر فرقہ وارانہ تشدد پھیلنے کے بعد سوشل میڈیا پر یہ افواہیں پھیل گئیں۔ واضح رہے کہ دہلی تشدد میں اب تک کم از کم 46 افراد ہلاک اور 300 سے زائد زخمی ہوگئے ہیں۔