دہلی تشدد: ہلاکتوں کی تعداد 45 ہوگئی، پولیس نے نالوں سے مزید تین لاشیں برآمد کیں
نئی دہلی، مارچ 2: دہلی پولیس نے اتوار کے روز اس بات کی تصدیق کی ہے کہ دارالحکومت کے شمال مشرقی حصے میں نالوں سے مزید تین نامعلوم لاشیں برآمد ہوئی ہیں اور اب تشدد میں ہلاکتوں کی مجموعی تعداد 45 ہوگئی ہے۔ حالاں کہ شمال مشرقی ضلع سے گذشتہ تین دنوں میں کوئی ناخوشگوار واقعہ موصول نہیں ہوا ہے۔ ایک سینئر پولیس عہدیدار کے مطابق "اب صورت حال قابو میں ہے۔”
شمال مشرقی دہلی میں شہریت ترمیمی قانون کے حامیوں اور مخالفین کے مابین جھڑپوں کے بعد پڑے بڑے پیمانے پر فرقہ وارانہ تشدد میں 200 سے زیادہ افراد زخمی بھی ہوئے ہیں۔ کچھ معاملات میں پولیس پر بھی ان حملوں میں ملوث ہونے اور زیادہ تر مسلم محلوں میں عدم فعالیت یا تشدد میں ملوث ہونے کا الزام لگایا گیا ہے۔
پی ٹی آئی کے مطابق دہلی پولیس نے اتوار کے روز بتایا کہ انھوں نے 254 ایف آئی آر درج کی ہیں اور تشدد کے سلسلے میں 903 افراد کو گرفتار یا حراست میں لیا ہے۔ ان میں سے 41 مقدمات آرمس ایکٹ کے تحت درج کیے گئے ہیں۔
اس تشدد کی تحقیقات کے لیے دہلی پولیس کی کرائم برانچ کے تحت دو خصوصی تحقیقاتی ٹیمیں بھی تشکیل دی گئی ہیں۔