دہلی تشدد: عام آدمی پارٹی کے معطل کاؤنسلر طاہر حیسن کے خلاف یو اے پی اے کے تحت مقدمہ درج

نئی دہلی، اپریل 22: دہلی پولیس نے عام آدمی پارٹی کے معطل کاؤنسلر طاہر حسین کے خلاف فروری میں شہر میں تشدد سے متعلق ایک کیس میں سخت غیر قانونی سرگرمیاں روک تھام ایکٹ (یو اے پی اے) کے تحت مقدمہ درج کیا ہے۔

27 فروری کو دہلی پولیس نے تشدد کے دوران کاؤنسلر کے خلاف قتل، ہنگامہ آرائی اور آتش زنی کے تحت مقدمہ درج کیا تھا۔ حسین پر انٹیلی جنس بیورو کے افسر انکت شرما کے مبینہ قتل کا الزام لگایا گیا ہے۔ شرما کی لاش چاند باغ کے علاقے میں نالے سے ملی تھی۔ وہ 25 فروری کو گھر واپس آرہا تھا جب اسے مبینہ طور پر پیٹ پیٹ کر ہلاک کردیا گیا تھا۔

عام آدمی پارٹی نے پہلے طاہر حسین کا دفاع کیا تھا لیکن بعد میں انھیں معطل کردیا۔ وزیراعلیٰ اروند کیجریوال نے بھی ہلاک ہونے والے افسر کے لواحقین کو ایک کروڑ روپے معاوضہ دینے کا اعلان کیا تھا۔ حسین نے اپنے اوپر لگائے گئے الزامات کو مسترد کردیا ہے۔

وکیل اکرم خان کے مطابق پولیس نے آج کانگریس کاؤنسلر عشرت جہاں اور کارکن خالد سیفی کو بھی گرفتار کیا۔

منگل کے روز پولیس نے جواہر لال نہرو یونیورسٹی کے سابق طالب علم عمر خالد اور جامعہ ملیہ اسلامیہ کے طلبا میران حیدر اور صفورا زرگار کے خلاف یو اے پی اے کے تحت مقدمہ درج کیا تھا۔

فروری میں فرقہ وارانہ فسادات کو بھڑکانے کی سازش کے الزام میں گرفتار حیدر اور زرگار عدالتی تحویل میں ہیں۔ زرگار جامعہ رابطہ کمیٹی کی میڈیا کوآرڈینیٹر ہیں، جب کہ حیدر کمیٹی کے ممبر ہیں۔