دہلی آتشزدگی: عدالت نے مالکان کو 14 دنوں کی پولیس حراست میں بھیجا

نئی دہلی: دہلی کی ایک عدالت نے شمالی دہلی کی بھیڑ بھاڑ والے اناج منڈی علاقے کے اس چار منزلہ عمارت کے مالک محمد ریحان اور منتظم محمد فرقان کو سوموار کو 14 دنوں کی پولیس حراست میں بھیج دیا، جس میں اتوار کی صبح خوفناک آگ لگ جانے کی وجہ سے 43 لوگوں کی موت ہو گئی تھی۔

پولیس نے دونوں کو گرفتار کر کے ان کے خلاف غیر ارادتاً قتل اور آگ کے تناظر میں لاپروا رویہ اپنانے کے لیے متعلقہ دفعات میں معاملہ درج کیا تھا۔ معاملہ کرائم برانچ کے پاس بھیج دیا گیا ہے۔ سماعت کے دوران پولیس نے عدالت سے کہا کہ شروعاتی تفتیش سے پتہ چلا ہے کہ کچھ دیگر ملزم تھے اور ان کے کردار  کا پتہ لگانے کے لیےدونوں کو حراست میں لےکر پوچھ تاچھ کرنے کی ضرورت ہے۔ انھوں نے کہا کہ عمارت میں اتھارٹیوں سے منظوری کے بغیر کارخانہ چلتا تھا۔

ریحان اور فرقان کے وکیل نے حراست کی مخالفت کی اور کہا کہ پولیس پہلے ہی تمام دستاویزوں اور جائیداد کے سمجھوتہ خطوط کوضبط کر چکی ہے۔ وکیل نے عدالت سے کہا کہ ضرورت پڑنے پر ملزم دوسرے دستاویز بھی مہیا کرا دیں‌ گے۔ پولیس ریمانڈ کی ضرورت نہیں ہے۔ پولیس نے عدالت کو یہ بھی مطلع کیا کہ معاملے کو کرائم برانچ کو منتقل کرنے کے لیے ان کو کوئی تحریری حکم حاصل نہیں ہوا ہے۔

دہلی حکومت نے معاملے کی تفتیش کے لیے مجسٹریٹ جانچ‌ کے حکم دیے تھے اور سات دنوں کے اندر رپورٹ سونپنے کے لیے کہا۔

(ایجنسیاں)