دو مصا فحے جو موضوع بحث بن گئے

شام میں اسلامی آداب کے تحت مہمان کا اکرام اور امریکہ میں مغربی تکبر کا اظہار

0

دمشق: (دعوت انٹرنیشنل نیوز ڈیسک)

دو مختلف ممالک، دو مختلف مصافحے اور دو مختلف رویے—شام میں اسلامی آداب کے تحت احترام اور امریکہ میں مغربی تکبر کا اظہار۔ ایک جانب شامی حکم رانوں نے اسلامی اصولوں پر عمل کرتے ہوئے جرمن وزیر خارجہ کو عزت بخشی، تو دوسری جانب امریکی سینیٹر کے شوہر نے نائب صدر کملا ہیرس سے مصافحہ نہ کر کے سفارتی آداب کو نظر انداز کر دیا۔ ان واقعات نے عالمی سطح پر نہ صرف سفارتی رویوں بلکہ مشرق و مغرب کی تہذیبی اقدار کے فرق پر بھی ایک گرما گرم بحث چھیڑ دی۔
پہلا مصافحہ 3 جنوری 2025 کو شام میں ہوا، جس میں ملک کے عملی حکم راں احمد الشراء اور جرمن وزیر خارجہ انالینا بیربوک شامل تھے۔
دوسرا مصافحہ امریکہ کا ہے جو اسی دن پیش آیا جس میں امریکی نائب صدر کملا ہیرس اور نیبراسکا سے منتخب ہونے والی ریپبلکن سینیٹر ڈیبی فشر کے شوہر شامل تھے۔
دونوں مصافحے حقیقت میں وقوع پذیر نہ ہو سکے، لیکن دنیا بھر میں ایک بحث چھیڑ دی اور عالمی توجہ حاصل کرلی ہے۔
پوری خبر یوں ہے کہ 3 جنوری 2025 کو جرمن وزیر خارجہ انالینا بیربوک اپنے فرانسیسی ہم منصب ژاں نوئل بیرو کے ہمراہ شام کے دورے پر آئیں۔
انالینا بیربوک اور ژاں نوئل بیرو وہ پہلے یورپی یونین کے رکن ممالک کے وزراء تھے جنہوں نے بشارالاسد کے ظالمانہ اقتدار کے زوال کے بعد شام کا دورہ کیا۔
شام پہنچنے پر دونوں وزراء کا استقبال پہلے دمشق ایئرپورٹ کے ٹارمک پر شامی عہدیداروں نے کیا اور بعد میں حیات تحریر الشام کے سربراہ احمد الشراء المعروف ابو محمد الجولانی نے صدارتی محل میں کیا۔
جہاں شامی عہدیداروں نے فرانسیسی وزیر خارجہ ژاں نوئل بیرو سے مصافحہ کیا، وہیں انہوں نے انالینا بیربوک سے دوری اختیار کی۔
ایسا اس لیے کیا گیا کیونکہ اسلامی اصول نا محرم خواتین کے ساتھ قریبی یا جسمانی رابطے سے منع کرتے ہیں۔
اس واقعے کو میڈیا کے ایک حصے نے حسب عادت انالینا بیربوک کی ’توہین‘ کے طور پر پیش کیا۔
تاہم، دستیاب ویڈیو فوٹیج میں دیکھا جا سکتا ہے کہ دمشق ایئرپورٹ کے ٹارمک پر موجود شامی عہدیدار اور صدارتی محل میں احمد الشراء نے مہمان کے تئیں عزت و احترام کے اظہار کے طور پر اپنے ہاتھ سینے پر رکھے اور سر جھکا کر خوش آمدید کہا۔
ان کے چہروں پر تکبر کے بجائے خوش اخلاق مسکراہٹ نمایاں تھی، جب انہوں نے جرمن اور فرانسیسی وزرائے خارجہ کا شامی سر زمین پر خیر مقدم کیا۔
ایک برعکس تصویر۔ کملا ہیرس اور فشر کے مابین مصافحہ
دوسرا مصافحہ – جو حقیقت میں وقوع پذیر نہ ہو سکا – امریکی نائب صدر کملا ہیرس اور نیبراسکا کی ریپبلکن سینیٹر ڈیبی فشر کے شوہر بروس فشر کے درمیان تھا۔
کملا ہیرس 3 جنوری 2025 کو اپنی نائب صدارت کے فرائض انجام دے رہی تھیں، جہاں وہ 119ویں کانگریس کے لیے نو منتخب امریکی سینیٹرز، دونوں ڈیموکریٹس اور ریپبلکنز کو حلف دلوا رہی تھیں۔
جب سینیٹر فشر نے اپنے دفتر کی تیسری مدت کے لیے کملا ہیرس سے حلف لیا تو ان کے شوہر بروس فشر نے، جو حلف برداری کی تقریب کے دوران بائبل تھامے ہوئے تھے، جان بوجھ کر کملا ہیرس سے ہاتھ ملانے سے انکار کر دیا۔
’’آپ کو مبارک ہو‘‘، کملا ہیرس نے بروس فشر سے کہا اور ان کی طرف اپنا ہاتھ بڑھایا، جب کہ وہ پہلے ان کی بیوی سے ہاتھ ملا چکی تھیں۔ بروس فشر نے اس کے بجائے نیچے دیکھا، سر ہلایا اور سادہ انداز میں کہا "شکریہ” جیسا کہ ویڈیو فوٹیج میں دکھایا گیا ہے۔
***

 

***

 


ہفت روزہ دعوت – شمارہ 19 جنوری تا 25 جنوری 2024