داخلی معاملات میں پاکستان کا تبصرہ قابل مذمت: وزارت خارجہ
نئی دہلی: حکومت نے کہا کہ ایودھیا مسئلہ پر سپریم کورٹ کا فیصلہ پوری طرح سے ملک کا داخلی معاملہ ہے اور اس پر پاکستان کانامناسب اور بے بنیاد تبصرہ کسی بھی صورت میں قابل قبول نہیں۔
وزارت خارجہ کے ترجمان رویش کمار نے سنیچر کی شام ٹوئٹ کرکے کہا کہ سپریم کورٹ کا فیصلہ قانون کے مطابق ہے اور اس میں تمام مذاہب کو برابر احترام دیا گیا ہے۔ یہ ایسا نظام اور عقیدہ ہے جو پاکستان کے کردار سے پرے ہے۔ دشمنی پھیلانے کے ارادے سے داخلی معاملات میں جان بوجھ کر کیا گیا پاکستان کا تبصرہ قابل مذمت ہے۔
خیال رہے کہ پاکستان کے وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے صدیوں پرانے ایودھیا معاملہ پر آئے فیصلے کے وقت پر آج سوال کھڑے کئے۔ انہوں نے جیو نیوز سے بات چیت میں کہا کہ سپریم کورٹ کے فیصلے سے متاثر مسلمان برادری پر مزید دباو بڑھے گا۔ انہوں نے کہاکہ اس فیصلہ کے تفصیلی جائزے کے بعد پاکستانی محکمہ داخلہ سرکاری بیان جاری کرے گا۔ انہوں نے الزام لگایا کہ حکمراں بھارتیہ جنتا پارٹی نفرت کی سیاست کے تحت نفر ت کے بیج بو رہی ہے۔