حکومت شہریت قانون کے خلاف لوگوں کے جذبات کو کر رہی ہے نظر انداز: کانگریس
نئی دہلی: کانگریس نے جمعرات کے روز کہا کہ شمال مشرق اور خاص کر گوہاٹی میں لوگ شہریت ترمیمی بل کی جم کر مخالفت کر رہے ہیں اور وہ خود اس تحریک میں شامل ہو رہے ہیں لیکن حکومت ان کا غصہ سمجھ نہیں پا رہی ہے۔
کانگریس ترجمان گورو نے جمعرات کے روز پارلیمنٹ ہاؤس کے احاطے میں صحافیوں سے کہا کہ بل تیار کرتے وقت حکومت نے شمال مشرقی ریاستوں کو اعتماد میں نہیں لیا اس لیے لوگوں میں غصہ ہے۔ ان ریاستوں میں اس بل کے خلاف جاری تحریک میں کوئی سیاسی پارٹی شامل نہیں ہے بلکہ یہ مخالفت خود بخود شروع ہوئی ہے۔ ہزاروں کی تعداد میں لوگ اپنے گھروں سے نکل کر اس میں شامل ہورہے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ شمال مشرق اور خاص کر گوہاٹی میں بڑے پیمانے پر احتجاجی مظاہرے ہو رہے ہیں۔ لوگ اس سلسلے میں کافی گھبرائے ہوئے ہیں۔ آسام کی حالت بہت خراب ہوگئی ہے۔ گوہاٹی میں لگاتار مظاہرے ہورہے ہیں۔ لوگوں میں اس طرح کا غصہ دو ڈھائی دہائی بعد پہلی بار دنظر آرہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ گوہاٹی کے لوگ سڑکوں پر آکر اس شہریت ترمیمی بل کی مخالفت کررہے ہیں۔
(ایجنسیاں)