حرم شریف :دنیا بھر سے حج کیلئے پہنچے لاکھوں عازمین کا خانہ کعبہ کے گرد’ طواف قدوم‘   

رواں برس تعداد اور عمر کی پابندی ختم ہونے کے بعد مکہ مکرمہ کی سڑکیں بھی عازمین سے بھر گئیں،آج شام حجاج کرام منی کی طرف روانہ ہوں گے

مکہ مکرمہ ،25جون :۔

دنیا بھر سے لاکھوں کی تعداد میں حرم شریف پہنچے  عازمین حج   آج بیت اللہ شریف کا ’ طواف قدوم‘  کر رہے ہیں۔ یہ طواف حرم شریف میں آمد کا طواف بھی کہلاتا ہے۔ اس سال کووڈ 19 وبا سے قبل جیسی بھرپور تعداد میں حج ادا کیا جا رہا ہے۔

العربیہ کی رپورٹ کے مطابق سعودی عرب کی جانب سے اس سال مسلمانوں کو عازمین حج کی تعداد اور عمر کی پابندی کے بغیر حج کرنے کی اجازت دی گئی ہے۔ اس بنا پر دنیا بھر کی تمام قومیتوں کے ہزاروں عازمین مکہ مکرمہ کی سڑکوں پر بھی موجود ہیں۔مکہ مکرمہ کی سڑکیں عازمین حج سے بھر گئی ہیں ہر طرف سفید احرام میں ملبوس عازمین کی بھیڑ نظر آ رہی ہے۔

ہفتے کے روز سفید رنگ کے احرام میں حجاج کرام نے خانہ کعبہ کا طواف کیا۔ اکثر افراد نے دھوپ سے بچنے کے لیے چھتری بھی اٹھا رکھی تھی۔ بہت بڑی تعداد مطاف میں سنگ مرمر کے فرش پر دعائیں مانگتے نظر آئے۔

سعودی حکام کے مطابق جمعہ کے دن تک دنیا بھر سے 1.6 ملین عازمین سعودی عرب پہنچ گئے تھے۔ سعودی عرب کے اندر سے ہی حج ادا کرنے کے لیے حرم مکی پہنچنے والوں کی تعداد کا اعلان تاحال نہیں کیا گیا ہے۔ سعودی حکام کو توقع ہے کہ رواں برس حج میں 160 ملکوں سے 20 لاکھ سے زیادہ عازمین حج ادا کریں گے۔

گزشتہ سال 1443 میں حجاج کرام کی تعداد کو 9 لاکھ 26 ہزار تک محدود رکھا گیا تھا۔ ان میں سے بیرون ملک سے آنے والے حجاج کرام کی تعداد 7 لاکھ 81 ہزار تھی۔ کورونا وبا سے قبل 2019 میں دنیا بھر سے تقریباً 25 لاکھ مسلمانوں نے جج ادا کیا تھا۔آج اتوار کی شام سے ہی حجاج کرام بڑی تعداد میں منیٰ کی طرف روانہ ہو رہے ہیں۔ منیٰ مسجد حرام سے 5 کلومیٹر فاصلے پر واقع  ہے۔