حج 2024  کیلئے قرعہ اندازی، مہاراشٹرا، کیرالہ اور گجرات سے عازمین سب سے زیادہ

نئی دہلی، 29 جنوری :

حج کمیٹی آف انڈیا کے ذریعے جانے والے عازمین حج کا انتخاب پیر کو راجدھانی دہلی کے پنڈت دین دیال اپادھیائے بھون میں کمپیوٹرائزڈ قرعہ اندازی کے ذریعے کیا گیا۔ قرعہ اندازی کے ذریعے 70 سال یا اس سے زائد عمر کی 6370 محرم کے ساتھ جانیوالی خواتین اور 5162 بنا محرم کے یعنی گروپ کے ساتھ جانیوالی خواتین کو منتخب کیا گیا۔ چونکہ دونوں زمروں میں موصول ہونے والی درخواستوں کی تعداد گزشتہ سالوں کے مقابلے بہت زیادہ تھی، اس لیے یہ فیصلہ کیا گیا ہے کہ ہر کسی کو بغیر قرعہ اندازی کے حج پر بھیجا   جائے۔

حج کمیٹی آف انڈیا کے چیف ایگزیکٹیو آفیسر لیاقت علی آفاقی نے بتایا کہ محرم کے بغیر حج پر جانے کی خواہشمند خواتین کی جانب سے سب سے زیادہ 3584 درخواستیں کیرالہ سے موصول ہوئیں، جب کہ 378 تمل ناڈو، 249 کرناٹک، 166 مہاراشٹر سے تھیں۔ اتر پردیش سے 141، تلنگانہ سے 141، جموں و کشمیر سے 130، مدھیہ پردیش سے 72، گجرات سے 64، دہلی سے 50، آندھرا پردیش سے 44، مغربی بنگال سے 40، راجستھان سے 33، بہار سے 30، آسام سے 29، پڈوچیری سے 19، چھتیس گڑھ سے 19۔ اتراکھنڈ سے 14، جھارکھنڈ سے 10، گوا اور اڈیشہ سے 5، 5، لداخ سے 3، لکشدیپ سے 2، ہریانہ، ہماچل پردیش اور پنجاب سے ایک ایک درخواستیں موصول ہوئی ہیں۔

انہوں نے کہا کہ مہاراشٹرا سے 70 سال یا اس سے زیادہ عمر کے لوگوں کی 1306 درخواستیں موصول ہوئی ہیں، جب کہ کیرالہ سے 1250، اتر پردیش سے 586، جموں و کشمیر سے 530، کرناٹک سے 514، تلنگانہ سے 376، گجرات سے 292، ہریانہ سے 274 درخواستیں موصول ہوئی ہیں۔ تمل ناڈو سے 214، مدھیہ پردیش سے 204، راجستھان سے 190، بہار سے 136، آسام سے 104، دہلی سے 80، مغربی بنگال سے 84، جھارکھنڈ سے 56، اتراکھنڈ سے 44، آندھرا پردیش سے 42، چھتیس گڑھ سے 34، چھتیس گڑھ سے 32۔ منی پور، اڑیسہ سے 12، لداخ سے 4، پڈوچیری، لکشدیپ اور انڈومان اور نکوبار سے 2-2 درخواستیں موصول ہوئی ہیں۔

انہوں نے کہا کہ جن ریاستوں میں 500 سے کم درخواستیں موصول ہوئی تھیں ان تمام درخواستوں کو منظوری دے دی گئی ہے۔ چھتیس گڑھ، دہلی، گجرات، ہریانہ، کرناٹک، کیرالہ، تمل ناڈو، تلنگانہ، مدھیہ پردیش، منی پور اور اتراکھنڈ میں عازمین حج کا انتخاب قرعہ اندازی کے ذریعے کیا گیا، جس کی فہرست حج کمیٹی آف انڈیا کی ویب سائٹ پر دستیاب ہے۔ اتر پردیش، راجستھان، جموں و کشمیر، جھارکھنڈ، اڈیشہ، بہار، آسام اور آندھرا پردیش کی تمام درخواستوں کو بغیر قرعہ اندازی کے منظور کیا گیا ہے، کیونکہ ان ریاستوں میں درخواستیں مقررہ کوٹے کے اندر موصول ہوئی تھیں۔ اس سال عازمین حج کی مدد کے لیے مکہ اور مدینہ میں 466 خادم الحجاج مقرر کئے جائیں گے۔

اس موقع پر سی پی ایس بخشی، جوائنٹ سکریٹری (حج)، لیاقت علی آفاقی، چیف ایگزیکٹو آفیسر حج کمیٹی آف انڈیا، انکور یادو، ڈپٹی سکریٹری (حج)، آدتیہ سنگھ، انڈر سکریٹری (حج)، محمد ندیم، جوائنٹ سکریٹری (حج) اور دیگر اعلیٰ حکام بھی موجود تھے۔