حادثےکے بعد زخمی شخص تڑپ تڑپ کر  مرتا رہا اور لوگ پیسے لوٹتے رہے

  حادثے کے وائرل ہونے والے ویڈیو پر سوشل میڈیا صارفین کا رد عمل ،کہا 'یہ ویڈیو انسانوں کے گدھ بننے کا باضابطہ اعلان ہے  

نئی دہلی ،14 جنوری :۔

جدید دور کا انسان کے ترقی کے اوج ثریا پر پہنچنے کی کوشش کر رہا ہے ۔چاند پر پہنچ کر جھنڈے گاڑ نے کے بعد اب سورج کی شعاوں پر قبضہ کرنے کی جگت کر رہا ہے مگر اخلاقی اور سماجی سطح پر انسان تنزلی اور انحطاط کی عمیق کھائیوں میں گرتا جا رہا ہے ۔معاشرے میں آئے دن انسان کی اخلاقی اور انسانیت سوز افعال اس بات کی گواہی دے رہے ہیں ۔اس کی لالچ اور ہوس اس قدر بڑھ گئی ہے کہ انسانوں کو ہجوم اب گدھو کے غول  میں تبدیل ہو رہا ہے ۔

اتر پردیش کے آگرہ  میں ایک حادثہ پیش آیا ہے جس کا ویڈیو سوشل  میڈیا پر وائرل ہو رہا ہے ۔اس میں اس حادثے کے بعد زخمی شخص تڑپ تڑپ کو مر رہا ہے وہیں انسان نما جانوروں کی بھیڑ اس زخمی کے پیسے لوٹنے اور حادثے کا ویڈٰو بنانے میں مصروف ہے ۔

یہ حادثہ نہ صرف تکلیف دہ ہے بلکہ اس سے بھی زیادہ افسوسناک بات آس پاس کے لوگوں کا رویہ ہے۔ ویڈیو میں دیکھا جا سکتا ہے کہ دو افراد ہلاک ہو گئے ہیں۔ اور ایک شخص زخمی حالت میں زمین پر کراہ رہا ہے۔ کچھ  دیر بعد  وہ بھی مر گیا۔ لیکن آس پاس کے لوگ  مدد کرنے کے بجائے کچھ اس واقعے کی ویڈیو بنا رہے ہیں اور کچھ لوگ اس  کے پاس پڑی رقم لوٹنے میں مصروف  ہیں۔

رپورٹ کے مطابق یہ واقعہ آگرہ کے سکندرا تھانہ علاقے میں پیش آیا۔ منگل 9 جنوری کو ایک تیز رفتار ٹینکر نے کئی گاڑیوں کو ٹکر مار دی۔ معلومات کے مطابق ڈرائیور نشے کی حالت میں ٹرک چلا رہا تھا۔ اس تصادم میں تین افراد ہلاک ہو گئے۔ دس کے قریب افراد کے زخمی ہونے کی بھی خبر ہے۔  رپورٹ کے مطابق موقع پر موجود لوگوں کا کہنا تھا کہ ٹینکر نے تقریباً چھ گاڑیوں کو ٹکر ماری تھی۔

سوشل میڈیا پر وائرل ہونے والے واقعے کی ویڈیو کے مطابق جائے وقوعہ پر دو افراد کی لاشیں پڑی ہوئی ہیں۔ اور ایک زخمی شخص تکلیف میں ہے۔ لیکن اس سب سے لاپرواہ اور بے خبر لوگ زمین پر پڑے پیسے کو لوٹنے میں مصروف ہیں۔ ویڈیو شیئر کرنے والے صارف راجیش ساہو کے مطابق زخمی شخص بھی کچھ دیر بعد درد سے دم توڑ گیا۔

لوگوں نے بھی اس پوسٹ پر ردعمل کا اظہار کیا۔وشال جیوتی دیو اگروال نامی صارف نے لکھا،یہ ویڈیو انسان کے گدھ بننے کا باضابطہ اعلان ہے۔مبشرہ خان نے پوسٹ پر تبصرہ کیاکہ’ہم سمجھتے ہیں کہ بے روزگاری بڑھ رہی ہے، مہنگائی بھی ہے اور ہر شخص کے لیے پیسہ کمانا اور گھر کے اخراجات چلانا بہت مشکل ہو گیا ہے، لیکن یہ نہ بھولیں کہ آپ بھی انسان ہیں اور انسانیت بہت بڑی چیز ہے، اس کی حفاظت کریں۔ یہ ضروری ہے ‘جب آپ مصیبت میں پڑیں تو ایک دوسرے کی مدد کریں’۔

واضح رہے کہ کچھ دن پہلے آگرہ کی قومی شاہراہ پر بھی ایسا ہی ایک واقعہ سامنے آیا تھا۔ جب مرغیوں سے بھرا لوڈر ٹکرا گیا۔ اس دوران آس پاس کے لوگ مرغیاں چرانے آگئے تھے۔ واقعے کی ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہوگئی تھی۔ ویڈیو میں حادثے کا شکار ہونے والی کچھ گاڑیاں دیکھی جا سکتی ہیں۔ لیکن، ان سب کو در کنار کر  لوگ مرغیوں سے بھری ایک گاڑی کے پاس جمع ہو گئے تھے۔ کچھ لوگ گاڑی میں مرغیاں لے کر بھاگ رہے تھے۔