جیل جانا منظور ہے لیکن شہریت قانون اور این آر سی نہیں منظور: ممتا بنرجی
کولکاتا: مغربی بنگال کی وزیر اعلیٰ ممتا بنرجی نے آج ایک بار پھر بنگال میں نومنظور شہریت قانون اور این آر سی کو نافذ نہیں کرنے کا اعلان کرتے ہوئے کہا ہے کہ اس کے خلاف ریاست گیر مہم چلائی جائے گی۔ بنگال کے سیاحتی شہر دیگھا میں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے انھوں نے کہا کہ ’’این آر سی اور شہریت ترمیمی بل ایک ہی سکے کے دورخ ہیں اور دونوں کا مقصد ایک خاص برادری کو نشانہ بناناہے۔‘‘ وزیرا علیٰ نے یہ بھی کہا کہ مذہبی تفریق پر مبنی کسی بھی قدم کو بنگال میں پذیرائی نہیں ملے گی۔
ممتا بنرجی نے کہا کہ ’’اس وقت جو کچھ ہورہا ہے اس کی وجہ سے ہندوستان کی عزت کو عالمی سطح پر نقصان پہنچنے گا۔‘‘ وزیر اعلیٰ نے کہا کہ ریاست بھر میں ترنمول کانگریس کے کارکنان احتجاج کریں گے اور عوام کو بتائیں گے کہ اس بل کو پاس کرانے کے مقاصد کیا ہیں۔
وزیرا علیٰ ممتا بنرجی نے پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے واضح لفظوں میں کہا کہ ’’مرکزی حکومت ایک خاص نظریے سے لوگوں کو بنیادی حقوق سے محروم کررہی ہے۔‘‘ انھوں نے کہاکہ بی جے پی کے خوف سے لوگ احتجاج کرنے سے بھی گریز کررہے ہیں کیوں کہ اگر وہ احتجا ج کریں گے تو ان کے خلاف کارروائی ہوگی۔