جموں کشمیر میں دو سالوں میں تقریباً 10,000 خواتین لاپتہ
وزیر مملکت برائے امور داخلہ اجے مشرا کا پارلیمنٹ میں حیران کن انکشاف،2019،2020،2021 کے اعداد و شمار میں بتدریج اضافہ
نئی دہلی ،31 جولائی :۔
جموں و کشمیر سے 370 کی منسوخی کے بعد مسلسل مرکزی حکومت کی جانب سے یہ دعویٰ کیا جا رہا ہے کہ کشمیر میں اب سب کچھ بہتر ہے اور امن و امان قائم ہو گیا ہے ۔لیکن خواتین کے خلاف جرائم پر مبنی ایک سرکاری رپورٹ سامنے آئی ہے جو حیران کن ہی نہیں بلکہ افسوسناک بھی ہے ۔جہاں جموں کشمیر خواتین اور لڑکیوں کے گمشدہ ہونے کے اعداد و شمار میں دوسرے نمبر پر پہنچ گیا ہے ۔
رپورٹ کے مطابق وزیر مملکت برائے امور داخلہ اجے مشرا نے راجیہ سبھا کے سامنے ایک چونکا دینے والی رپورٹ پیش کی ہے ۔ جس کے مطابق جموں و کشمیر کے شورش زدہ علاقے میں 2019 اور 2021 کے درمیان حیرت انگیز طور پر 9,765 خواتین اپنے گھروں سے لاپتہ ہو چکی ہیں۔
سرکاری اہلکار کی جانب سے فراہم کردہ معلومات کے مطابق، کل کیسز میں سے 1,148، 18 سال سے کم عمر کی لڑکیاں اور 8,617 کیسز میں 18 سال سے زیادہ عمر کی خواتین شامل ہیں۔
جموں و کشمیر (جے اینڈ کے) میں سال 2019، 2020 اور 2021 کے سالانہ گمشدہ افراد کے اعداد و شمار ایک رجحان کو ظاہر کرتے ہیں۔ 2019 میں لڑکیوں کے لاپتہ ہونے کے 355 اور خواتین کے 2,738 کیس رپورٹ ہوئے۔ اگلے سال، 2020 میں، 350 لاپتہ لڑکیاں اور 2701 لاپتہ خواتین کی تعداد تھی ۔2021 میں، تعداد مزید بڑھ کر 443 لاپتہ لڑکیاں اور 3,178 لاپتہ خواتین تک پہنچ گئی۔
اس اعداد و شمار کا 2016 سے 2018 تک کے اعداد و شمار کے ساتھ موازنہ کریں، جہاں ان تین سالوں کے دوران جموں و کشمیر میں تقریباً 3,300 خواتین کے لاپتہ ہونے کی اطلاع ملی تھی، یہ ظاہر ہوتا ہے کہ 2019 سے 2021 تک لاپتہ ہونے کے واقعات کی تعداد میں نمایاں اضافہ ہوا ہے۔ صرف تین سالوں میں لاپتہ افراد کے کیسز میں تین گنا اضافہ درج کیا گیا ہے ۔
جموں کشمیرہندوستان کے مرکز کے زیر انتظام علاقوں میں سے ایک ہے ۔جو اب لا پتہ خواتین کے اعداد و شمار کی فہرست میں ریاستوں اور مرکز کے زیر انتظام علاقوں کی فہرست میں دوسرے نمبر پر پہنچ گئی ہے۔اس معاملے میں دہلی سرفہرست ہے۔ قومی دارالحکومت میں 2019 اور 2021 کے درمیان 18 سال سے کم عمر لڑکیوں کے لاپتہ ہونے کے حیرت انگیز طور پر 22,919 واقعات اور 18 سال سے زیادہ عمر کی خواتین کے لاپتہ ہونے کے 61,050 واقعات رپورٹ ہوئےتھے۔
2021 کے اعدادوشمار میں مہاراشٹر ایک ایسی ریاست کے طور پر نمایاں ہوئی ہیں جہاں 18 سال سے زیادہ عمر کی خواتین کی گمشدگی کی سب سے زیادہ تعداد ہے، جس میں 56,498 واقعات کی تشویشناک اطلاع ہے۔ اس انکشاف نے حکام کو تحقیقات شروع کرنے اور ریاست میں خواتین کی حفاظت کے لیے اقدامات کو مزید مضبوط کرنے پر مجبور کر دیا ہے ۔