جموں و کشمیر میں18ستمبر سے تین مرحلوں اور ہریانہ میں ایک مرحلے میں ووٹنگ، نتائج کا اعلان 4 اکتوبر کو

نئی دہلی، 16 اگست  ۔

ایک لمبے عرصے سے جموں کشمیر میں انتخابات کی تاریخوں کا انتظار کر رہے لوگوں کی انتظار کی گھڑیاں ختم ہو گئیں بالآخر الیکشن کمیشن نے انتخابات کی تاریخوں کا اعلان کر دیا ہے۔ الیکشن کمیشن نے جمعہ کو دو ریاستوں جموں و کشمیر اور ہریانہ میں اسمبلی انتخابات کا اعلان کیا۔ جموں و کشمیر میں 18 ستمبر، 25 ستمبر اور یکم اکتوبر کو 3 مرحلوں میں ووٹنگ ہوگی۔ ہریانہ میں یکم اکتوبر کو ایک ہی مرحلے میں ووٹنگ ہوگی۔ دونوں ریاستوں میں ووٹوں کی گنتی 4 اکتوبر کو ہوگی۔

چیف الیکشن کمشنر راجیو کمار نے جمعہ کو دہلی کے وگیان بھون میں الیکشن کمشنروں گیانیش کمار اور سکھبیر سنگھ سندھو کی موجودگی میں منعقدہ ایک پریس کانفرنس میں دونوں ریاستوں کے انتخابی شیڈول کا اعلان کیا۔

انہوں نے بتایا کہ جموں و کشمیر میں اگلے ماہ اسمبلی انتخابات ہونے ہیں۔ اس دوران دوسرے انتخابات کا اعلان کرنے سے بچنے کے لیے، ہم نے ہریانہ میں بھی ایک ساتھ اسمبلی انتخابات کرانے کا فیصلہ کیا۔ اس سال چار ریاستوں میں اور ایک ریاست میں اگلے سال کے شروع میں انتخابات ہونے ہیں۔ سیکورٹی فورسز کی ضرورت اور فزیبلٹی کو مدنظر رکھتے ہوئے ہم نے دو ریاستوں میں بیک وقت انتخابات کرانے پر غور کیا ہے۔ مہاراشٹر میں اس وقت بارش ہو رہی ہے اور تہوار آنے والے ہیں، ان سب باتوں کو مدنظر رکھتے ہوئے وہاں انتخابی شیڈول ابھی طے نہیں ہوا ہے۔

چیف الیکشن کمشنر نے کہا کہ عام انتخابات سے سبق لیتے ہوئے اس بار خاص طور پر انتخابی پروگرام مختصر رکھا گیا ہے۔ جموں و کشمیر میں ووٹنگ تین مرحلوں میں 18 ستمبر، 25 ستمبر اور یکم اکتوبر کو ہوگی۔ پہلے مرحلے میں کشتواڑ، اننت ناگ، پلوامہ، شوپیاں، کولگام میں ووٹنگ ہوگی۔ دوسرے مرحلے میں ریاسی، راجوری، پونچھ، بارگاوں، سری نگر، گاندربل میں ووٹنگ ہوگی۔ تیسرے مرحلے میں بانڈی پورہ، کپواڑہ، بارہمولہ، جموں، ادھم پور، سانبہ اور کٹھوعہ میں ووٹنگ ہوگی۔

جموں و کشمیر کے 20 اضلاع میں اسمبلی کی 90 نشستیں ہیں۔ ان میں سے 74 جنرل کے لیے، 9 درج فہرست قبائل کے لیے اور 7 درج فہرست ذات کے لیے ریزرو ہیں۔ چیف الیکشن کمشنر نے کہا کہ جموں و کشمیر کے 87.09 لاکھ ووٹروں کے لیے 9,169 مقامات پر 11,838 پولنگ اسٹیشن بنائے گئے ہیں۔ ووٹرز میں 44.46 لاکھ مرد اور 42.62 لاکھ خواتین ہیں۔ 3.71 لاکھ ووٹر پہلی بار ووٹ دیں گے۔ جبکہ 20 سے 29 سال کے نوجوان ووٹرز کی تعداد 20.7 لاکھ ہے۔

یکم اکتوبر کو ہریانہ کی تمام 90 سیٹوں پر ایک ساتھ ووٹنگ ہوگی۔ اس کا پروگرام جموں و کشمیر کے آخری مرحلے کے مطابق ہوگا۔ اس کا نوٹیفکیشن 5 ستمبر کو جاری کیا جائے گا۔ کاغذات نامزدگی 12 ستمبر تک داخل کیے جاسکتے ہیں۔ کاغذات نامزدگی کی جانچ پڑتال 13 ستمبر تک ہوگی اور کاغذات نامزدگی 16 ستمبر تک واپس لیے جائیں گے۔

ہریانہ میں 22 اضلاع میں 90 اسمبلی سیٹیں ہیں۔ ان میں سے 73 جنرل اور 17 درج فہرست ذاتوں کے لیے ریزرو ہیں۔ اسمبلی کی مدت 3 نومبر کو ختم ہو رہی ہے۔ اس بار 2.01 کروڑ ووٹروں کے لیے 10,495 مقامات پر 20,629 پولنگ اسٹیشن بنائے گئے ہیں۔ رائے دہندگان میں 1.06 کروڑ مرد، 0.95 کروڑ خواتین، 20 سے 29 سال کی عمر کے 40.95 لاکھ نوجوان ووٹر اور 4.52 لاکھ پہلی بار رائے دہندگان شامل ہیں۔