جموں وکشمیر:بی ڈی سی انتخابات میں بی جے پی کو دھچکا
اہم پارٹیوں کا بائیکاٹ، بی جے پی کو 316 میں سے صرف 81 سیٹیں ملیں
(سری نگر) 25اکتوبر۔ جموں وکشمیر میں جمعرات کو پہلی بار منعقد ہونے والے بلاک ڈیولپمنٹ کونسل (بی ڈی سی) کے انتخابات میں بی جے پی کو ایک بڑا دھچکا لگا اور پارٹی 316 میں سے محض 81 نشستوں پر ہی کامیابی حاصل کر سکی۔ آزاد امیدواروں نے میدان مارتے ہوئے 217 نشستوں پر فتح حاصل کی۔ ریاست کی علاقائی سیاسی پارٹیوں اور ملک گیر پارٹی کانگریس نے بی ڈی سی انتخابات کا بائیکاٹ کیا۔ علاقائی پارٹیوں بشمول نیشنل کانفرنس اور پی ڈی پی کے بیشتر بڑے لیڈر پانچ اگست سے مسلسل نظر بند ہیں جس کے باعث ان پارٹیوں نے بی ڈی سی انتخابات میں حصہ لینے سے انکار کیا تھا۔ سیاسی تجزیہ کاروں کا ماننا ہے کہ علاقائی پارٹیوں اور کانگریس کے بائیکاٹ سے بی جے پی کے لیے میدان ہم وار ہوگیا تھا لیکن بی جے پی فائدہ اٹھانے میں کامیاب نہیں ہوسکی۔
مرکزی حکومت کی طرف سے دفعہ 370 اور دفعہ 35 اے کی منسوخی اور ریاست کو دو وفاقی حصوں میں منقسم کرنے کے فیصلے کے بعد جموں و کشمیر میں یہ پہلی انتخابی سرگرمی تھی تاہم اس انتخاب میں تمام راے دہندگان کے بجائے حصہ نہیں لینا تھا بلکہ صرف پنچ اور سرپنچ ہی اس میں ووٹ ڈال سکتے تھے ۔بتادیں کہ جموں کشمیر کی سیاسی تاریخ میں بی ڈی سی انتخابات کا انعقاد پہلی بار عمل میں لایا گیا اور ان انتخابات میں پنچ اور سرپنچ ہی ووٹ ڈالنے کے اہل تھے ۔ تاہم پنچایتی انتخابات کے برعکس بی ڈی سی انتخابات کا انعقاد پارٹی بنیادوں پر کیا گیا۔چیف الیکٹورل افسر جموں وکشمیر شیلندر کمار جو کہ پنچایتی راج ایکٹ کے تحت الیکشن اتھارٹی بھی ہے ، نے کہا کہ بی ڈی سی انتخابات احسن اور پُر امن طریقے سے منعقد ہوئے جس میں مجموعی طور 98.3 فیصد پولنگ درج کی گئی۔انہوں نے کہا کہ انتخابات میں سب سے زیادہ نشستوں پر کامیابی آزاد امیدواروں نے حاصل کی جبکہ کامیابی کے تعلق سے بی جے پی دوسرے، جے کے این پی پی تیسرے اور کانگریس چوتھے نمبرپر رہی۔
شیلندر کمار نے کہا کہ ضلع سری نگر میں صد فیصد پولنگ درج کی گئی جبکہ جنوبی اضلاع کے شوپیان اور پلوامہ میں بالترتیب 85.3 فیصد اور 86.2 فیصد پولنگ درج کی گئی۔انہوں نے مزید کہاکہ آزاد امیدوارں نے سب سے زیادہ 217 نشستوں پر کامیابی حاصل کی جس میں بھارتیہ جنتا پارٹی نے 81 ، جے کے این پی پی نے 8 اور انڈین نیشنل کانگریس نے ایک نشست پر کامیابی حاصل کی۔کشمیر صوبے میں 128 بلاکوں میں آزاد امید واروں کو 109 ، بی جے پی 18 اور آئی این سی ایک نشست پر کامیابی حاصل ہوئی ہے جبکہ صوبہ جموں میں آزاد امید واروں کو 88 ، بی جے پی کو 52 اور جے کے این پی پی کو 8 بلاکوں پر کامیابی حاصل ہوئی ہے ۔ اسی طرح لداخ صوبے میں آزاد امید واروں کو 20 جبکہ بی جے پی کو 11 بلاکوں پر کامیابی حاصل ہوئی ہے ۔بی ڈی سی چیئرمین شپ کے لئے 316 بلاکوں میں سے 280 بلاکوں پر انتخابات منعقد ہوئے جبکہ 27 بلاکوں پر ا میدوار بلامقابلہ کامیاب قرار دئیے گئے ۔ چیف الیکٹورل افسر نے صوبہ و ضلع انتظامیہ اور حفاظتی عملے اور دیگر متعلقین کو سراہتے ہوئے انتخابات کو احسن طریقے پر منعقد کرنے پر مبارک باد دی۔