جمعہ کی نماز کے دوران شر پسندوں سے رہیں محتاط:ممتا بنرجی

کولکاتا: وزیر اعلیٰ ممتا بنرجی نے آج مسلمانوں کو جمعہ کی نماز کے دوران محتاط رہنے کا مشورہ دیتے ہوئے کہا ہے کہ بی جے پی کے کارکنان جمعہ کی نما ز کے دوران گڑبڑی پیدا کرنے کی کوشش کرسکتے ہیں۔

جمعرات کو دھرم تلہ میں رانی راش روڈ پر این آرسی اور شہریت ترمیمی قانون کے خلاف منعقد ریلی سے خطاب کرتے ہوئے ممتا بنرجی نے کہا کہ کل جمعہ ہے اور بڑی تعداد میں لوگ جمعہ کی نماز پڑھنے کے لیے نکلیں گے۔ بی جے پی کارکنان جمعہ کی نماز کے دوران امن و امان کی فضا کو بگاڑنے کی کوشش کرسکتے ہیں۔ انھوں نے کہا کہ بی جے پی ماحول کو خراب کرنے کے لیے ورکروں کو تیار کررہی ہے جس کا مقصد مسلمانوں کو بدنام کرنا ہے۔

ممتا بنرجی نے کہا کہ بی جے پی شہریت ترمیمی قانون کے خلاف جدوجہد کو ہندومسلمانوں کے درمیان تقسیم کرنے کی کوشش کررہی ہے۔ ممتا بنرجی نے مطالبہ کیا کہ اس پر ریفرنڈم کرایا جائے۔ ممتا بنرجی نے اقوام متحد ہ کی نگرانی میں اس قانون پر ریفرنڈ م کرانے کی مانگ کی۔

ممتا بنرجی نے کہا کہ بی جے پی کا قیام1980میں اور وہ لوگوں سے 1970سے شہریت کے دستاویز مانگ رہے ہیں۔

دوسری جانب بنگال پولس نے کہا ہے کہ بنگال میں امن و امان کا ماحول ہے۔احتجاج جاری ہیں مگر گزشتہ تین دنوں میں کہیں سے بھی تشدد کے واقعات رونما نہیں ہوئے ہیں۔