جماعت اسلامی ہند کی جانب سے عید ملن تقریب،ملکی اور غیر ملکی مہمانوں کی شرکت
امیر اجماعت اسلامی ہند سید سعادت اللہ حسینی نے ہندوستان میں اتحاد، بھائی چارہ کے قیام کی اپیل کی، فلسطین کے مظلوموں کے ساتھ اظہار یکجہتی
نئی دہلی،20 اپریل :
جماعت اسلامی ہند کی جانب سے گزشتہ شام قومی دارالحکومت کے انڈیا انٹرنیشنل سینٹر میں عید ملن تقریب کا اہتمام کیا گیا ۔ تقریب میں غیر ملکی سفارت کاروں، بین المذاہب رہنماؤں، سماجی رہنماؤں، کارکنوں، سیاست دانوں، صحافیوں اور اسکالرز نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔
تقریب سے خطاب کرتے ہوئے جماعت اسلامی ہند کے امیرسید سعادت اللہ حسینی نے عید کے پرمسرت موقع پر معززین اور مہمانوں کا پرتپاک استقبال کیا۔ انہوں نے کہا کہ ہماری کوشش ہے کہ عید کے اس موقع پر معاشرے کے اپنے محروم اور غریب لوگوں کو اپنی خوشیوں میں شامل کریں۔
تقریبات کے دوران سماجی ذمہ داری کی اہمیت پر زور دیتے ہوئے، انہوں نے ہر ایک سے اپیل کی کہ وہ پسماندہ افراد کو یاد رکھیں اور ایک منصفانہ اور مساوات پر مبنی معاشرے کے لیے کام کریں۔ امیر جماعت حسینی نے کہا، "اس ملک میں ہم سب مل کر امن، انصاف، مساوات اور بھائی چارے کے قیام اور ہر شہری کو حقوق اور ترقی دینے کے لیے کوششیں کریں۔
ہندوستان کو امن اور دوستی کا گڑھ بنانے کے عزم کا اظہار کرتے ہوئے امیر جماعت نے دنیا بھر میں ظلم و ستم پر تشویش کا اظہار کیا، خاص طور پر فلسطین کی صورت حال پر تشویش کا اظہار کیا اورانہوں نے کہا کہ فلسطینیوں کو "دنیا کی تاریخ میں بدترین ظلم و ستم” کا سامنا ہے۔
ظلم و ستم کا سامنا کرنے والے فلسطینیوں کے ساتھ یکجہتی کا اظہار کرتے ہوئے انہوں نے فلسطینیوں کی جاری جدوجہد پر روشنی ڈالی اور دنیا بھر میں ظلم اور استحصال کے خلاف متحدہ محاذ پر زور دیا۔ انہوں نے کہا کہ یہ ہماری ذمہ داری ہے کہ ہم ہر قسم کے ظلم و ستم اور استحصال کے خلاف متحدہ جدوجہد کریں۔ مجھے امید ہے کہ ماضی کی طرح آپ مستقبل میں بھی اس سلسلے میں تعاون کریں گے۔
عید ملن تقریب میں بڑی تعداد میں غیر ملکی مہمانوں ن شرکت کی ۔غیر ملکی سفارت کاروں میں ایرانی سفیر ڈاکٹر ایراج الہی، فلسطینی سفیر عدنان الہیجہ، نئی دہلی میں پاکستانی ہائی کمیشن کے سیکنڈ سیکرٹری طارق مسروف اور جمہوریہ ترکی کے سفارت خانے کے قونصلر احمدت یلدز بھی موجود تھے۔ اس موقع پر امریکہ، روس، فرانس، جرمنی، ترکی، پاکستان، الجزائر، انڈونیشیا، لیبیا، ملائیشیا اور برونائی کے سینئر سفارت کاروں اور مشیروں نے بھی شرکت کی۔
اس موقع پر کئی سرکردہ ہندوستانی شخصیات نے شرکت کی جن میں دھرم سنسد کے بانی گوسوامی سشیل مہاراج، آل انڈیا کرسچن کونسل کے جنرل سکریٹری ڈاکٹر جان دیال اور انسانی حقوق کے کارکن روی نائر شامل تھے،۔ اس کے علاوہ جمعیت اہل حدیث کے صدر مولانا اصغر علی امام مہدی اور آل انڈیا مسلم پرسنل لا بورڈ (AIMPLB) کے جنرل سکریٹری مولانا محمد فضل الرحیم مجددی بھی موجود تھے۔اس کے علاوہ صحافیوں اور معروف سیاست دانوں نے بھی شرکت کی ۔ دیگر مہمانوں میں ڈاکٹر ایس کیو آر الیاس، ویلفیئر پارٹی آف انڈیا کے صدر، سابق بیوروکریٹ حسیب احمد، پروفیسر اختر الواسع، مصنف فیروز بخت احمد، ڈاکٹر ظفر محمود، معصوم مرادآبادی، ڈاکٹر تسلیم رحمانی، اور برہما کماری آشرم کی خواتین کے نمائندے شامل تھے۔
اس تقریب میں جے آئی ایچ کے نائب صدور پروفیسر سلیم انجینئر، مولانا ولی اللہ سعیدی فلاحی، ملک معتصم خان اور جے آئی ایچ کے سیکرٹری جنرل ٹی عارف علی، اور قومی سیکرٹریز محمد شفیع مدنی، محمد احمد، اور کئی دیگر نے شرکت کی۔