
جماعت اسلامی ہند شیخ پیٹ میں سیرت النبی ﷺ کے حوالے سے خطاب عام
مختلف مقررین کے بہترین خطابات ۔رحمت، محبت اور عالمگیر پیغامِ رسالت پر زور
حیدرآباد (دعوت نیوز ڈیسک)
نبی اکرم ﷺ کی سیرت پوری انسانیت کے لیے عملی نمونہ : مولانا حامد محمد خان
’’رسول اکرم ﷺ کی سیرت انسانیت کے لیے ایک مکمل عملی نمونہ ہے۔ آپ ﷺ نہ صرف ’خوب صورت‘ تھے بلکہ ’خوب سیرت‘ بھی تھے، اور سب سے بڑھ کر ’احسن الناس‘ تھے۔ ‘‘ ان خیالات کا اظہار مہمان خصوصی مولانا حامد محمد خان صاحب نے دوران خطاب کیا۔
دراصل پچھلے دنوں جماعت اسلامی ہند، شیخ پیٹ کی جانب سے مسجد سعیدہ بیگم، منی گلشن کالونی میں سیرت النبی ﷺ کے حوالے سے خطاب عام رکھا گیا تھا۔
اس خطاب عام میں مختلف مقررین نے سیرت رسول ﷺ کے مختلف جہات پر اظہار خیال کیا۔ پروگرام کا آغاز برادر محمد صدیق حسین کی تلاوت قرآن مجید سے ہوا۔ اس کے بعد امیر مقامی شیخ پیٹ ڈاکٹر ایس۔ایم۔ فصیح اللہ نے افتتاحی کلمات میں کہا کہ یہ اجتماع سامعین کے ایمان کو تازہ کرنے، حضور اکرم ﷺ کی سیرت طیبہ سے رہنمائی لینے اور اپنی زندگیوں کو قرآن و سنت کے مطابق ڈھالنے کے عزم کو مضبوط کرنے کا ایک موقع ہے۔ برادر محمد دلدار حسین نے نعت شریف پیش کر کے محفل کو روحانی فضاء بخشی۔
مختصر خطابات میں برادر شرف الدین نے ’رسول ﷺ سب کے لیے‘ کے عنوان سے اظہار خیال کیا اور کہا کہ آپ ﷺ کی رحمت پوری انسانیت کے لیے تھی۔ جناب میر حفیظ الدین نے ’نبیِ آخر‘ کے موضوع پر گفتگو کرتے ہوئے آپ ﷺ کی بعثت کے عالمگیر پیغام کو اجاگر کیا۔ اسی طرح جناب حیدر قریشی نے ’اللہ کے رسول ﷺ سے محبت‘ کے موضوع پر خطاب کرتے ہوئے بتایا کہ آپ ﷺ سے سچی محبت ہی ایمان کی تکمیل ہے۔
پروگرام کے اختتام پر جناب الیاس احمد شکیل نے اظہار تشکر پیش کیا اور تمام شرکاء و مقررین کا شکریہ ادا کیا۔ اس بابرکت اجتماع میں مقامی ذمہ داران، مسجد کے مصلیان اور اہل علاقہ کی مرد و خواتین کی بڑی تعداد موجود رہی۔
***
ہفت روزہ دعوت – شمارہ 07 اگست تا 13 اگست 2025