جب خاموش زبانوں نے پیغام دیا۔۔۔

IICDکی دعوتِ افطار۔ معذور بچوں نے اپنے مظاہرے سے دل جیت لیے

حیدرآباد: (دعوت نیوز نیٹ ورک)

حیدرآباد کی ایک خوبصورت شام، جہاں سورج کی آخری کرنیں آسمان پر پھیل رہی تھیں، ایڈن گارڈن کنگ کوٹھی میں ایک ایسا منظر دیکھنے کو ملا جو دلوں کو چھو لینے والا تھا۔ یہ محض ایک افطار نہیں تھا بلکہ امید، حوصلے اور عزم کا پیغام تھا۔ آئیڈئیل انفارمیشن سنٹر فار ڈیسیبلڈ (IICD) کے زیر اہتمام منعقدہ اس دعوتِ افطار میں وہ معذور طلبہ شریک تھے جو زندگی کی مشکلات کو اپنی ہمت سے شکست دے رہے ہیں۔ اس موقع پر ان طلبہ نے بغیر کچھ کہے ایک ایسا متاثر کن مظاہرہ پیش کیا جس نے اسرائیلی جبر کی کہانی اور فلسطینیوں کے کرب کو پوری طرح آشکار کر دیا۔ یہ کوئی عام پیشکش نہیں تھی بلکہ ایک خاموش احتجاج تھا، جس میں ان بچوں نے اپنی قوتِ گویائی، سماعت اور بینائی سے محرومی کے باوجود دنیا کے بے حس ضمیر کو جھنجھوڑنے کی کوشش کی اور وہ بغیر کچھ کہے بھی سب کچھ کہہ گئے۔
یہ بچے جو خود سننے اور بولنے سے قاصر ہیں، انہوں نے اس بے حس دنیا کو وہ سب کچھ سنایا اور دکھایا جسے سننے اور دیکھنے کی مکمل صلاحیت رکھنے والے بھی سن اور دیکھ نہیں پاتے۔ ان کے غیر معمولی اور روح پرور مظاہرے نے ناظرین کے دل جیت لیے، ان کی پُرجوش شرکت اور سیکھنے کی لگن نے حاضرین کو حیرت زدہ کر دیا۔ جیسے ہی ان کی پیشکش مکمل ہوئی، ایک لمحے کے لیے پورے ہال پر خاموشی چھا گئی جو حاضرین کے دلوں پر پڑنے والے گہرے اثرات کی علامت تھی۔
امیر حلقہ جماعت اسلامی ہند تلنگانہ ڈاکٹر محمد خالد مبشر الظفر نے صدارتی خطاب میں کہا کہ سماج کے ان خاص افراد کو نظر انداز کرنا دراصل اپنی اجتماعی ذمہ داریوں سے منہ موڑنے کے مترادف ہے۔ انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ ان بچوں کو صرف ترس کے قابل نہ سمجھا جائے بلکہ انہیں بھی وہی مواقع فراہم کیے جائیں جو ایک عام فرد کو ملتے ہیں تاکہ یہ بھی اپنی صلاحیتوں کا لوہا منوا سکیں۔
ریاستی قانون ساز کونسل کے رکن اور روزنامہ سیاست کے مدیر جناب عامر علی خان مہمانِ خصوصی کی حیثیت سے شریک تھے۔ انہوں نے ادارے کی کاوشوں اور طلبہ کی کارکردگی کو سراہتے ہوئے کہا کہ یہ بچے کسی سے کم نہیں، بلکہ اپنی استقامت سے سب کے لیے مشعلِ راہ بن سکتے ہیں۔
یہ ادارہ 2006 میں جماعت اسلامی ہند عظیم تر حیدرآباد کی جانب سے قائم کیا گیا ہے جو قوت سماعت، قوت گویائی اور بینائی سے محروم بچوں کے ساتھ ساتھ ذہنی معذوری کے شکار طلبہ کو دینی و عصری تعلیم فراہم کر رہا ہے۔ یہاں ان بچوں کو قرآن مجید ان کی مخصوص زبان میں سکھایا جاتا ہے، کمپیوٹر اور دیگر فنی مہارتیں دی جاتی ہیں، تاکہ وہ خود مختار زندگی گزار سکیں۔ شیعہ عالم دین مولانا تقی رضا عابدی، سابق امیر حلقہ تلنگانہ مولانا حامد محمد خان، ناظم شہر جماعت اسلامی ہند عظیم تر حیدرآباد، ڈاکٹر محمد مبشر احمد، سکریٹری IICD جناب ایس ایم نوید الرحمان اور دیگر معزز مہمان بھی اس موقع پر موجود تھے۔ اس تقریب میں اساتذہ، والدین اور ادارے کے ذمہ داروں کی بڑی تعداد نے شرکت کی، جو ان بچوں کی ہمت اور کامیابی پر نازاں تھے۔

 

***

 


ہفت روزہ دعوت – شمارہ 23 مارچ تا 29 مارچ 2025