جامعلہ ملیہ اسلامیہ نے نیا تعلیمی کیلنڈر جاری کیا، صرف سالِ آخر کے طلبا امتحان جولائی میں منعقد ہوگا
نئی دہلی، مئی 7: جامعہ ملیہ اسلامیہ (جے ایم آئی) کی اکیڈمک کونسل (اے سی) کا ایک اہم اجلاس بدھ کے روز ہوا اور اس نے یونی ورسٹی میں یکم اور 31 جولائی کے درمیان صرف فائنل سمسٹر یا سالِ آخر کے طلبا کے لیے آف لائن امتحان لینے کا فیصلہ کیا ہے۔
اجلاس میں وائس چانسلر پروفیسر نجمہ اختر، رجسٹرار اے پی صدیقی (آئی پی ایس)، فیکلٹی ڈینز اور کونسل کے دیگر ممبران نے شرکت کی۔
اجلاس میں کوویڈ 19 کی وجہ سے یونی ورسٹی کی تعلیم میں رکاوٹ اور یونی ورسٹیوں کی تعلیم میں بڑی تبدیلیوں کی وجہ سے پیدا ہونے والے متعدد تعلیمی امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
یونی ورسٹی سے جاری ایک بیان میں کہا گیا ہے کہ اکیڈمک کونسل نے یونی ورسٹی گرانٹس کمیشن (یو جی سی) کی طرف سے جاری کردہ نئے رہنما خطوط کو مکمل طور پر اپنانے کا فیصلہ کیا ہے۔
اے سی میٹنگ میں لیے گئے کچھ اہم فیصلے یہ ہیں:
آن لائن کلاسز اب 31 مئی 2020 تک ہوں گی، قبل ازیں اس کا اختتام 30 اپریل 2020 تک ہونا تھا۔
اسائنمنٹس جمع کروانے کی آخری تاریخ میں 5 جون 2020 تک توسیع کردی گئی ہے۔
تمام اساتذہ سے درخواست کی گئی ہے کہ وہ 15 جون 2020 تک یونی ورسٹی کے کنٹرولر آف امتحانات کی ویب سائٹ پر اسائنمنٹ کے مارکس اپ لوڈ کریں۔
صرف فائنل سمسٹر/سال کے طلبا کے لیے یونی ورسٹی میں یکم جولائی 2020 سے 31 جولائی2020 کے درمیان آف لائن امتحانات منعقد ہوں گے۔ طلبا سے گزارش کی گئی ہے کہ جلد از جلد آن لائن امتحانات فارم جمع کروائیں۔
موسم گرما کی تعطیلات 15 جون سے 30 جون 2020 تک ہوں گی۔
یکم اگست 2020 سے یونی ورسٹی دوبارہ کھل جائے گی اور باقاعدہ طلبا کی کلاسز شروع ہوں گی۔
سیشن 2020-21 کے لیے نئے داخلے کا نظام الاوقات:
سیشن 2020-21 کے لیے آن لائن درخواست فارم جمع کروانے کی آخری تاریخ میں 31 مئی 2020 کی توسیع کردی گئی ہے۔
داخلہ ٹیسٹ یکم اگست سے اگست کے آخر تک ہوں گے۔
یکم ستمبر 2020 سے نیا تعلیمی سال شروع ہوگا۔