تمل ناڈو میں معاشی مسائل سے پریشان 2 خاندانوں کے 9 افراد نے کی خودکشی
تمل ناڈو میں جمعہ کے روز دو خاندانوں کے 9 افراد نے خود کشی کر لی۔ پولس ذرائع کے مطابق ضلع وِلُّوپورم میں ایک ہی خاندان کے 5 افراد کی موت سائنائیڈ کھانے کی وجہ سے ہوئی ہے۔ دوسری طرف ضلع ڈِنڈی گُل میں ایک ہی خاندان کے چار افراد نے ٹرین کے سامنے کود کر خود کشی کر لی۔
ذرائع نے بتایا کہ ضلع وِلُّوپورم میں ایک جوڑا ممنوعہ 3 نمبر کی لاٹری میں لمبے عرصے سے پیسہ لگا رہا تھا اور اس پر 30 لاکھ روپبے کا قرض ہو گیا تھا۔ قبل ازیں اس جوڑے نے اپنے تینوں بچوں کو سائنائیڈ کھلایا اور بعد میں خود بھی کھا کر جان دے دی۔ یہ عبرتناک واقعہ وِلُّوپورمیں سیتھیری کرائی علاقے کے سلامت نگر کا ہے۔ ہلاک ہونے والی کی شناخت ایم ارون کمار(33)، بیوی شیوگامی(26)، بیٹیاں پریہ درشنی(5)، یوشری(3) اور بھارتی (9ماہ) کے طور پر کی گئی ہے۔
ارون نے سائنائیڈ کھانے سےپہلے اپنے موبائل فون پر ویڈیو کلپ بنائی جس میں اس نے بتایا کہ وہ یہ اقدام کیوں اٹھا رہا ہے ؟ بعد ازاں اس نے اسے اپنے دوستوں کے ساتھ واٹس ایپ پر شیئر بھی کیا ۔ اس نے بتایا کہ وہ ساہوکاروں سے کافی پیسہ لے چکا ہے اور 30 لاکھ روپبے سے زیادہ کا نقصان اٹھا چکا ہے۔
دوسرا واقعہ ڈِنڈی گُل ضلع کا ہے جہاں کوڈائی روڈ اسٹیشن پر ایک ٹرین کے سامنے 4 افراد نے کود کر جان دے دی۔ پولس کے مطابق ہلاک ہونے والوں کی شناخت اتھیراپاتھی(49)، سنگیتا (40)، ابھنیاشری (15) اور آکاش (12) کے طور پر ہوئی ہے اور وہ وورائی یور علاقے کے باشندے تھے۔
(ایجنسیاں)