تبلیغی جماعت مرکز نے پھنسے ہوئے افراد کو بھیجنے کے لیے ایس ڈی ایم سے ایک ہفتہ پہلے ہی گاڑی کا پاس مانگا تھا لیکن جواب نہیں ملا
نئی دہلی، مارچ 31: دہلی حکومت کے ذریعے پیر کی رات (30 مارچ) کو نظام الدین کے علاقے میں تبلیغی جماعت کے مرکز مسجد بنگلے ولی کے ایک مولانا کے خلاف لاک ڈاؤن کے باوجود مسجد میں جماعت کے انعقاد کے لیے ایف آئی آر درج کرنے کا حکم دینے کے دوران اب یہ بات منظر عام پر آئی ہے کہ مولانا ایک ہفتہ سے مقامی پولیس اسٹیشن اور ایس ڈی ایم سے ان کی مدد کے لیے تحریری گفتگو کر رہے تھے تاکہ پھنسے ہوئے افراد کو ان کے متعلقہ مقامات پر بھیج دیا جائے، لیکن ان کو گاڑی کا پاس نہیں ملا۔
برادری کے رہنماؤں نے عالم دین کی درخواست پر عمل نہ کرنے پر متعلقہ عہدیداروں کے خلاف کارروائی کا مطالبہ کیا ہے۔
23 مارچ کو مرکز نے 1500 افراد کو وہاں سے نکالا، باقی پھنسے ہوئے افراد کو بھیجنے کے لیے ایس ڈی ایم سے گاڑی کا پاس مانگا۔
مسجد بنگلے والی کے مولانا یوسف کا 25 مارچ کو نظام الدین پولیس اسٹیشن کے ایس ایچ او کو، جو مسجد سے متصل ہے، لکھا گئے خط میں کہا گیا ہے کہ 23 مارچ کو مسجد نے 1500 افراد کو ہٹایا اور ایس ڈی ایم سے گاڑی کا پاس طلب کیا تاکہ 1000 دیگر پھنسے ہوئے لوگوں کو ان کے آبائی مقامات تک بھیجا جاسکے۔ یہ خط 24 مارچ کو پولیس اسٹیشن کے ایک نوٹس کے جواب میں لکھا گیا تھا۔
مولانا یوسف نے 25 مارچ کو نظام الدین پولیس اسٹیشن کو اپنے خط میں لکھا ’’آپ کے خط کے حوالے سے D.O. نمبر 293 مؤرخہ 24/3/2020، آپ کو مطلع کرنا ہے کہ ہم مرکز کو بند کرنے کے لیے آپ کی ہدایتوں کی تعمیل کرنے کی پوری کوشش کر رہے ہیں۔ 23/3/2020 کو ہم پہلے ہی 1500 سے زیادہ افراد کو خالی کرچکے ہیں۔ ہمارے پاس ابھی بھی مرکز میں مختلف ریاستوں کے 1000 سے زیادہ افراد ہیں۔ آپ کی ہدایت کے مطابق ہم نے گاڑی کے پاس کے لیے قابل احترام ایس ڈی ایم سے رابطہ کیا تاکہ ہم باقی لوگوں کو ان کے متعلقہ مقامات پر بھیج سکیں۔ ایس ڈی ایم آفس نے ملاقات کے لیے صبح 25/3/2020 کو صبح 11 بجے کا وقت دیا ہے۔‘‘
مولانا نے ایس ڈی ایم کو جلد کاروائی کے لیے متاثر کرنے کے لیے ایس ایچ او سے بھی مدد طلب کی۔
مولانا نے خط میں لکھا ’’لہذا آپ سے درخواست ہے کہ ابتدائی کارروائی کے لیے براہ کرم SDM سے رجوع کریں۔ ہم آپ کی تمام ہدایات کی تعمیل کے لیے تیار ہیں۔ ہم ماضی میں آپ کے تعاون پر شکر گزار ہیں اور آپ کی رہ نمائی اور ہدایات کے تحت کام کرنے کے لیے تیار ہیں۔‘‘
جب میڈیا کے ایک حصے نے دعویٰ کیا کہ لاک ڈاؤن کے باوجود مسجد میں جماعت کا کام جاری ہے، تو اس کے جواب میں مولانا نے کہا کہ وہاں کوئی تازہ جماعت نہیں تھی اور لاک ڈاؤن کی وجہ سے لوگ پھنسے ہوئے تھے اور حکام نے انھیں بھیجنے کے لیے گاڑی کا پاس جاری نہیں کیا تھا۔
لاک ڈاؤن کے بعد نظام الدین مسجد میں تازہ اجتماع نہیں ہوا، لوگ پھنسے ہوئے تھے:
دہلی حکومت کے ذریعے ایف آئی آر کا حکم دینے سے ایک دن قبل 29 مارچ کو مولانا نے علاقے کے اے سی پی کو دو صفحوں کا خط لکھا تھا، جس میں مسجد میں گذشتہ ایک ہفتہ میں ہونے والے واقعات کی ترتیب اور حکام سے ان کے رابطے پر روشنی ڈالی گئی تھی۔
انھوں نے کہا کہ نظام الدین مسجد ان کی تنظیم کا ہیڈ کوارٹر ہے اور اس لیے وہاں ہندوستان کے متعدد افراد ہر وقت موجود رہتے ہیں۔ اس مسجد میں تبلیغی جماعت کے سربراہ اور دیگر عہدیداروں کی رہائش بھی ہے۔
مولانا یوسف نے 29 مارچ کو لاجپت نگر کے اے سی پی کو لکھے گئے خط میں کہا تھا ’’لاک ڈاؤن آرڈر کے باوجود بہت سارے افراد کے جمع ہونے کا سوال ہی پیدا نہیں ہوتا ہے کیوں کہ یہ افراد پہلے ہی مرکز کے اندر لاک ڈاؤن آرڈرز کے اعلان کے وقت موجود تھے اور کسی بھی نئے فرد کو مرکز کے اندر داخل ہونے اور جمع ہونے کی اجازت نہیں تھی۔ کیوں کہ مرکز دروازے لاک ڈاؤن کے احکامات کے فورا بعد ہی بند کردیے گئے تھے۔‘‘
انھوں نے یہ بھی کہا کہ 22 مارچ کو جنتا کرفیو کا مشاہدہ کرنے کے بعد مرکز 23 مارچ کو زیادہ تر خالی کردیا گیا تھا۔
ایس ڈی ایم اور ڈبلیو ایچ او کی ٹیم نے پچھلے ہفتے مسجد کا دورہ کیا تھا، طبی معائنہ بھی کیا:
29 مارچ کے خط میں مولانا نے لکھا ہے’’25 مارچ کو تحصیل دار نے میڈیکل ٹیم کے ہمراہ مرکز کا دورہ کیا، فہرست تیار کی اور افراد کا معائنہ کیا اور ہم نے ایس ڈی ایم آفس کا دورہ کیا، خالی کرنے کی اجازت کے لیے درخواست دائر کی، گاڑیوں کی فہرست بھی دی گئی۔‘‘
انھوں نے مزید لکھا ’’26 مارچ کو ایس ڈی ایم نے مرکز کا دورہ کیا، ہمیں ڈی ایم سے ملاقات کے لیے ان کے دفتر بلایا۔ ہم نے ڈی ایم سے ملاقات کی اور اس معاملے سے آگاہ کیا اور اجازت طلب کی جس کا ہم ابھی تک انتظار کر رہے ہیں۔‘‘
مزید کہا ’’27 مارچ کو 6 افراد کو طبی معائنے کے لیے لے جایا گیا جو فی الحال جھجر ہریانہ میں قرنطینہ میں ہیں۔‘‘
’’28 مارچ کو ایس ڈی ایم اور ڈبلیو ایچ او کی ٹیم نے مرکز کا دورہ کیا، 33 افراد کو طبی معائنے کے لیے لے جایا گیا تھا، جو اس وقت راجیو گاندھی کینسر ہسپتال، دہلی میں قرنطینہ میں ہیں۔‘‘
حکومت بھی جواب دہ ہے، متعلقہ سرکاری عہدیداروں کو برخاست کیا جانا چاہیے: مسلم رہنما
برادری کے رہنماؤں نے متعلقہ سرکاری عہدیداروں کے خلاف بھی کارروائی کا مطالبہ کیا ہے، کیوں کہ تبلیغی جماعت مرکز نے پھنسے ہوئے لوگوں کو نکالنے میں مدد کے لیے ان سے رجوع کیا تھا۔ انھوں نے اس نازک وقت میں اس مسئلے کو فرقہ وارانہ رنگ دینے کے اقدام کی بھی مذمت کی ہے۔
جماعت اسلامی ہند کے نائب صدر محمد سلیم انجینئر نے کہا ’’تبلیغی مرکز کیس کو ایک خاص انداز میں پیش کیا جارہا ہے اور میڈیا کے ایک حصے سمیت کچھ قوتیں ایک ایسے وقت میں فرقہ وارانہ تفریق پیدا کرنے کی کوشش کر رہی ہیں جب کورونا وائرس کے خلاف جنگ کے لیے پوری قوم کو متحد ہونے کی ضرورت ہے۔‘‘
جماعت کے رہنما نے کہا ’’دہلی حکومت نے تبلیغی جماعت کے ہیڈ کوارٹر کے خلاف ایف آئی آر درج کرنے کا حکم دیا ہے۔ ہم نے دہلی حکومت کے اس اقدام پر افسوس کا اظہار کیا کیوں کہ یہ بات سامنے آچکی ہے کہ تبلیغی جماعت کے مرکز نے 25 مارچ سے سرکاری اہلکاروں کو مسجد میں پھنسے ہوئے لوگوں کے بارے میں انھیں اپنے گھر بھیجنے کے لیے تین خطوط لکھے تھے۔ لیکن نہ ہی حکومت اور نہ ہی پولیس نے خطوط پر توجہ دی۔ اور اب تبلیغی جماعت کے مرکز کو نشانہ بنایا جارہا ہے اور پورے معاملے کو فرقہ وارانہ رنگ دینے کی کوشش کی جارہی ہے۔ یہ بہت شرمناک بات ہے۔‘‘
جماعت اسلامی کے رہنما نے میں ہجوم میں دہلی سے آنے والے ہزاروں تارکین وطن مزدوروں کی بڑی تعداد میں لاک ڈاؤن کے تمام اصولوں کی خلاف ورزی کرتے ہوئے نقل مکانی کی طرف اشارہ کرتے ہوئے کہا ’’ہم نے ہزاروں افراد کو اپنے آبائی گھروں کو جانے کے لیے دہلی میں سڑکوں پر نکلتے ہوئے دیکھا۔ یہ بہت تشویش ناک تھا۔ لاک ڈاؤن کے باوجود ہزاروں افراد کے سڑکوں پر نکل آنے کے ذمہ دار کون تھے؟‘‘
جماعت کے رہنما نے مزید کہا ’’اگر کارروائی کرنی ہے تو دہلی حکومت اور اس کے وزیر اعلی کے خلاف ایف آئی آر درج کی جانی چاہیے کیوں کہ ان کے نظام کی ناکامی سے لوگوں میں خوف و ہراس پھیل گیا اور ہزاروں لوگ گھروں سے نکل آئے۔ لاک ڈاؤن سے پہلے مناسب تیاری نہ کرنے پر وزیر داخلہ کے خلاف بھی ایف آئی آر درج کروائی جائے۔ اس نازک اور تکلیف دہ صورت حال میں، جب ملک کے تمام شہریوں کو ایک دوسرے اور حکومت کی مدد کے لیے آگے آنا چاہیے، ایک خاص برادری اور مذہب کو نشانہ بنانا درست نہیں ہے۔‘‘
انھوں نے ملک کے تمام شہریوں سے اپیل کی کہ وہ وزارت صحت کے رہنما اصولوں اور حکومت کے لاک ڈاؤن رہنما اصولوں پر عمل کریں۔
انھوں نے کہا کہ جماعت اسلامی تمام شہریوں سے اپیل کرتی ہے کہ وہ اس نازک موڑ پر متحد ہوجائیں، اپنے فرائض سرانجام دیں اور انتظامیہ اور حکومت کی مدد کریں۔ جماعت اسلامی اور اس کے کارکن اس سلسلے میں اپنا تعاون پیش کرنے کے لیے تیار ہیں۔
ٹویٹس کے ایک سلسلے میں آل انڈیا مسلم مجلس مشاورت کے قومی صدر نوید حامد نے بھی اس معاملے پر اپنی تشویش کا اظہار کیا۔
حامد نے کہا ’’تبلیغی جماعت کے عہدیداروں نے بھی اپنے نظام الدین مرکز کو بند کرنے کی پیش کش کی تھی جہاں اچانک لاک ڈاؤن کے باعث ہندوستان بھر سے 1000 سے زیادہ غیر ملکی اور ہندوستانی افراد قیام پذیر تھے اور ہندوستانیوں کی آمد و رفت کے لیے پاس کی درخواست کی تھی لیکن ایس ڈی ایم کی طرف سے کوئی پاس جاری نہیں کیا گیا۔‘‘
انھوں نے پوچھا ’’جب مرکز کے عہدیداروں نے تمام سرکاری ہدایات پر عمل کرنے کے لیے بات کی تھی تو حکومت نے انھیں جلدی سے باہر منتقل کرنے کے لیے کیوں کوئی جواب نہیں دیا؟‘‘
متعلقہ عہدیداروں کے خلاف کارروائی کا مطالبہ کرتے ہوئے حامد نے کہا ’’جب انھوں نے حکومت کو اطلاع دی تھی تو اس کے لیے کس طرح مرکز کے عہدیدار ذمہ دار ہیں۔ یہ ناممکن ہے کہ دہلی پولیس کے مقامی پی ایس یا ایس ڈی ایم نے اپنے اعلی عہدیداران کو مرکز کے اندر لوگوں کی اتنی بڑی جماعت سے آگاہ نہیں کیا تھا۔ ایک اعلی سطح کی غیر جانبدارانہ تفتیش ہونی چاہیے۔ سرکاری افسران مرکز میں پھنسے ہوئے ہندوستانیوں کو دہلی حکومت کے زیر انتظام عارضی پناہ گاہوں میں منتقل کرنے میں ناکام کیوں رہے؟ غیر ملکیوں کو ہندوستانیوں سے الگ کیوں نہیں کیا گیا اور ان کا کورونا وائرس کے لیے طبی ٹیسٹ کیوں نہیں کیا گیا؟ فرائض کی پامالی کے لیے مقامی ایس ڈی ایم کو فوری طور پر برخاست کردیا جانا چاہیے جیسا کہ ایس ڈی ایم سلیم پور دہلی کو برخاست کردیا گیا تھا۔‘‘
حامد نے یہ بھی سوال کیا کہ جب مرکزی حکومت نے جنوری میں ہی ہندوستان کے ہوائی اڈوں کو ہدایت کی تھی کہ ہر مسافر کی جانچ پڑتال کی جائے تو ایسا کیوں نہیں کیا گیا؟