بین الاقوامی شہرت یافتہ امریکی سائنسداں پروفیسر ہنری کا قبول اسلام
واشنگٹن ،17 مارچ :۔
دنیا بھر میں ایک طرف اسلامو فوبیا کا اثر نظر آ رہا ہے ،مسلمانوں کے خلاف نفرت پھیلائی جا رہی ہے اور اسلام پر تنقید کی جا رہی ہے وہیں دوسری جانب اسلام کو بطور بہترین مذہب قبول کرنےوالوں کی تعداد میں بھی آئے دن اضافہ ہو رہا ہے۔بڑے بڑے تعلیم یافتہ اور سائنسداں اسلام کی حقانیت کا نہ صرف اعتراف کر رہے ہیں بلکہ حلقہ اسلام میں داخل بھی ہو رہے ہیں ۔تازہ واقعہ بین الاقوامی شہرت یافتہ امریکی سائنداں پروفیسر ہنری کا اسلام کے دائرے میں داخل ہونے ہے۔
رپورٹ کے مطابق بین الاقوامی شہرت یافتہ امریکی سائنسداں پروفیسر ہنری نے اسلام قبول کرلیا ہے۔ پروفیسر ہنری کو ڈاکٹر احمد حسن بطل نے کلمہ شہادت پڑھا کر اسلام میں داخل کیا۔ پرفیسر کا نام ڈاکٹر احمد حسن بطل نے عبد الحق رکھا ہے۔سوشل میڈیا ایکس پر ایک ویڈیو وائرل ہے جس میں ڈاکڑ احمد حسن بطل پرفیسر ہنری کو کلمہ شہادت پڑھاتے ہوئے دیکھے جا سکتے ہیں۔
میڈیا رپورٹ کے مطابق انہوں نے رمضان المبارک کا پہلا روزہ بھی رکھ لیا، نماز تراویح بھی ادا کی اور جلد عمرہ ادائیگی کیلئے مکہ روانہ ہوں گے۔
واضح رہے کہ ڈاکٹر ہنری اسٹیم سیل میڈیسن میں دنیا کا سب سے بڑانام ہے اور انہیں ممتاز سائنسدانوں میں شمار کیا جاتا ہے۔ پروفیسر ڈاکٹر ہنری مشہور امریکی یونیورسٹی ہارورڈ میں پروفیسر ہیں۔وہ موروثی نابینا پن کے علاج کیلئے اسٹیم سیل دوا کے موجد ہیں، جسے حال ہی میں امریکی فوڈ اینڈ ڈرگ ایڈمنسٹریشن سے تیسرے اور آخری مرحلے میں جانچ کے لیے منظور کرلیا گیا ہے۔
اس سے قبل رمضان کی پہلی رات امریکہ کے مایہ ناز مصنف اور نسل پرستی کے خلاف آواز اٹھانے والے انسانی حقوق کے کارکن جیفری شان کنگ اور ان کی اہلیہ رائے کنگ نے بھی اسلام قبول کیا تھا۔
خیال رہے کہ مقبوضہ غزہ کی پٹی میں اسرائیل کی جانب سے کی جانے والی نسل کشی جاری ہے،جہاں اسرائیل مظلوم اور بے سر و سامانی کی حالت میں امداد کی راہ تکنے والے فلسطینیوں پر بم برسا رہا ہے۔غزہ میں اسرائیلی ظلم و بر بریت کو دیکھ کر حالیہ دنوں میں مغربی دنیا کی متعدد مشہور شخصیات نے اسلام قبول کیا ہے۔اسلام قبول کرنے والوں میں کھیل سے وابستہ افراد بھی شامل ہیں ۔