بہار: نابالغ لڑکی سے شادی کرنے کے الزام میں 40 سالہ مہندر پانڈے گرفتار
نئی دہلی یکم مئی :۔
بہار میں ایک چالیس سالہ شخص کو 6ویں جماعت کی طالبہ سے شادی کرنے کے الزام میں گرفتار کیا گیا ہے۔بتایا جاتا ہے کہ لڑکی کے خاندان نے چالیس سالہ شخص سے قرض لیا تھا جو وقت پر ادا نہیں کر سکا تھا جس کے بعد لڑکی کو 40 سالہ ملزم کے گھر میں اس کی دوسری بیوی کے طور پر تین ماہ تک رہنے پر مجبور کیا گیا۔لڑکی کی ماں نے ماریوا پولیس میں شکایت درج کرائی جسکے بعد اسے گرفتار کیا گیا ۔
میڈیا رپورٹ مطابق 14 سالہ لڑکی کے اہل خانہ مہندر پانڈے کے 2 لاکھ روپے کے مقروض تھے۔ یہ رقم اس سے قرض کے طور پر لی گئی تھی، لیکن سیوان ضلع کے لکشمی پور گاؤں میں رہنے والا متاثرہ کا غریب خاندان اسے وقت پر ادا کرنے سے قاصر تھا۔
پولیس نے ملزم کو پوکسو ایکٹ کے تحت گرفتار کیا ہے۔ اس معاملے کے بارے میں سیوان کے ایس پی شیلیش کمار سنہا نے کہا کہ مہندر کمار کو پوکسو ایکٹ کے تحت گرفتار کیا گیا ہے۔ اس معاملے میں ابھی تفتیش جاری ہے۔
رپورٹوں کے مطابق مہندر پانڈے نے خاندان کو ڈرایا اور نابالغ لڑکی کو اپنی کی رہائش گاہ پر بھیجنے پر مجبور کیا۔ دی نیو انڈین ایکسپریس کی ایک رپورٹ کے مطابق ملزم نے والدین سے کہا تھا کہ وہ اسے اپنے گھر پر تعلیم کا بندو بست کرے گا لیکن خفیہ طور پر اس سے شادی کر لی۔ رپورٹ میں مزید کہا گیا کہ ملزم لڑکی کا دور کا رشتہ دار بھی ہے۔
رپورٹ کے مطابق متاثرہ کی ماں نے ملزم مہندر کمار پانڈے پر الزام لگایا ہے کہ قرض کی رقم ادا نہ کرنے کی وجہ سے اس نے زبردستی اس کی بیٹی سے تین ماہ کے لئے شادی کرلی۔ تاہم ملزم نے اپنے اوپر لگائے گئے تمام الزامات کو مسترد کرتے ہوئے کہا ہے کہ یہ اسے پھنسانے کی سازش ہے۔ متاثرہ کی ماں اس سے رقم بٹورنا چاہتی ہے۔