بہار میں سیلاب کی صورت حال مزید خراب، 16 اضلاع سے 75 لاکھ سے زیادہ افراد متاثر

بہار کے قدرتی آفات سے نمٹنے کے محکمے ، ڈیزاسٹر مینجمنٹ ڈیپارٹمنٹ ، نے ایک بیان میں کہا ہے کہ بہار میں سیلاب کی صورت حال منگل کے روز نئے علاقوں میں پانی داخل ہونے کے باعث مزید خراب ہوگئی ہے۔ محکمے کے مطابق سیلاب سے 16 اضلاع کے 62000 مزید افراد متاثر ہوئے ہیں ، جبکہ اب تک متاثرین کی کل تعداد 75 لاکھ سے بھی زیادہ ہوچکی ہے۔

متاثرہ پنچایتوں کی تعداد 10 اگست کے 1240 سے بڑھ کر 11 اگست کو 1260 ہوگئی ہے، حالانکہ سیلاب سے متاثرہ اضلاع کی تعداد 16 ہی ہے۔

ریاست میں سیلاب سے متعلقہ واقعات میں ہلاکتوں کی کوئی تازہ اطلاع نہیں ہے، اور یہ تعداد 24 ہے۔

محکمے کے بلیٹن میں کہا گیا ہے کہ ضلع دربھنگہ میں سب سے زیادہ 10 ہلاکتیں ہوئی ہیں ، اس کے بعد مظفر پور میں چھ ، مغربی چمپارن میں چار اور سرن اور سیوان میں دو، دو ہلاکتیں ہوئی ہیں۔

بلیٹن میں کہا گیا ہے کہ نیشنل ڈیزاسٹر ریسپانس فورس (این ڈی آر ایف) کی 20 ٹیموں اور ایس ڈی آر ایف کی 13 ٹیموں نے اب تک 536371 افراد کو سیلاب زدہ علاقوں سے نکالا ہے۔

اس کے علاوہ ، 12479 افراد کو سات امدادی کیمپوں میں پناہ دی گئی ہے ۔ متاثرہ اضلاع میں 1204 سماجی لنگروں میں تقریبا 9.29 لاکھ افراد کو کھانا کھلایا گیا تھا۔

باگمتی ، برہی گندک ، کملابالان اور کھروئی ندییوں سمیت متعدد ندیاں خطرے کے نشان سے اوپر بہہ رہی ہیں۔

گنگا ندی بھاگل پور ضلعے کے کہلگاؤں میں خطرے کے نشان سے اوپر بہہ رہی ہے۔ تاہم ، محکمہ آبی وسائل کے بلیٹن کی رو سے پٹنہ سمیت متعدد مقامات پر پانی کی سطح نیچے آگئی ہے۔

مذکورہ بلیٹن کے مطابق محکمہ کے ماتحت تمام پشتے محفوظ ہیں۔

پٹنہ کے محکمہ موسمیات نے بدھ کے روز ریاست میں بہنے والی تمام ندیوں کے کیچمنٹ والے علاقوں میں ہلکی بارش کی پیش گوئی کی ہے۔

سیلاب سے متاثرہ 16 اضلاع میں سیتا مڑھی ، شیوہر ، سپول ، کشن گنج ، دربھنگہ ، مظفر پور ، گوپال گنج ، مغربی چمپارن ، مشرقی چمپارن ، کھگریہ ، سرن ، سمستی پور ، سیوان ، مدھوبنی ، مدھے پورہ اور سہرسہ شامل ہیں۔