بہار اسمبلی انتخابات کے دوران عوامی جلسوں کے لیے 47 کھلے میدان اور 19 ہال نشان زد کیے گئے ہیں: ڈی ایم، پٹنہ

پٹنہ، 4 اکتوبر: ریاست کے ایک اعلی عہدیدار نے بتایا کہ پٹنہ کی ضلعی انتظامیہ نے 47 کھلے میدانوں اور 19 ایسے ہالوں کی نشان دہی کی ہے جہاں بہار اسمبلی انتخابات کے دوران سیاسی جماعتیں اپنے جلسوں کا انعقاد کر سکتی ہیں۔

تاہم گراؤنڈ کی وسعت سے قطع نظر 14 اکتوبر تک ایسی ریلیوں میں شرکا کی تعداد 100 افراد سے تجاوز نہیں کرسکتی ہے۔

پٹنہ کے ضلع مجسٹریٹ کمار روی نے ہفتہ کے روز پی ٹی آئی کو بتایا ’’ضلعی انتظامیہ نے ضلع کے 47 میدانوں اور 19 ہالوں کی نشان دہی کی ہے جہاں اسمبلی انتخابات میں انتخابی جلسے یا ریلیاں منعقد ہوسکتی ہیں۔‘‘

انھوں نے یہ بھی کہا کہ ضلعی انتظامیہ پارٹیوں کی تجاویز پر مزید مقامات کو تیار کرنے کے لیے بھی حاضر ہے۔

روی نے کہا کہ مرکزی حکومت کے تازہ ترین ہدایت نامے کے مطابق 15 اکتوبر سے ایک ہال میں 200 شرکا تک کی اجازت دیتے ہوئے اصول و ضوابط میں نرمی کی جائے گی، جب کہ کھلے میدانوں میں شریک ہونے والے افراد کی کوئی حد مقرر نہیں ہے، لیکن کوویڈ پروٹوکول کی سختی سے پابندی کرنا لازمی ہوگا۔

واضح رہے کہ ریاست کے 243 اسمبلی حلقوں کے لیے ووٹنگ تین مراحل میں ہوگی۔

28 اکتوبر کو 71 نشستوں پر، 3 نومبر کو 94 نشستوں پر اور 7 نومبر کو 78 نشستوں پر ووٹنگ ہوگی۔

ووٹوں کی گنتی 10 نومبر کو ہوگی۔

پہلے مرحلے کے لیے انتخابی مہم 12 اکتوبر کو نامزدگی واپس لینے کی آخری تاریخ کے بعد شروع ہوگی۔

یہ پوچھے جانے پر کہ کیا تاریخی گاندھی میدان کو عوامی جلسوں کے لیے کھولا جائے گا، روی نے کہا کہ انتخابات کے شیڈول کے اعلان کے بعد کبھی بھی اس کو جلسوں کے لیے استعمال نہیں کیا گیا۔