بہار:سزا یافتہ سیاستداں آنند موہن کی رہائی پر آئی اے ایس  ایسو سی ایشن کا حکومت کو لیٹر ،مایوسی کا اظہار   

نئی دہلی،26 اپریل :۔

بہار میں نتیش حکومت کے ذریعہ باہو بلی سیاست داں آنند موہن کی جیل سے جلد رہائی ان دنوں سرخیوں میں ہے ۔ایک طرف جہاں اپوزیشن نے آنند موہن کی رہائی پر نتیش حکومت پر تنقید ی حملے کئے ہیں وہیں آئی اے ایس باڈی نے بھی آنند موہن کی رہائی پر مایوسی کا اظہار کیا ہے ۔ رپورٹ کے مطابق سنٹرل انڈین ایڈمنسٹریٹو سروس ایسوسی ایشن نے منگل کو کہا کہ سابق ڈسٹرکٹ مجسٹریٹ جی کرشنیا کے قتل کے الزام میں عمر قید کی سزا  پائے   گینگسٹر سے سیاستداں بنے آنند موہن کو جیل سے جلد رہائی دینے کے  بہار حکومت کے فیصلے سے سخت مایوس ہے۔

بہار پیپلز پارٹی کی بنیاد رکھنے والے موہن کو 1994 میں اس وقت کے گوپال گنج ڈی ایم کرشنیا کے قتل کا مجرم قرار دیا گیا تھا۔عدالت نے ا آنند موہن کو قتل کے سلسلے میں قصور وار قرار دیتے ہوئے عمر قید کی سزا سنائی تھی  ۔

ریاستی حکومت کے خلاف بڑے پیمانے پر تنقید  کا سلسلہ جاری ہے ۔ حکومت نے  گزشتہ 10 اپریل کو جیل مینوئل میں ترمیم کا علان کیا تھا جس سے اس شق کو ہٹا دیا گیا جس میں ڈیوٹی پر موجود ایک سرکاری ملازم کے قتل کے مجرموں کو معافی نہیں دی  جا سکتی تھی۔

آئی اے ایس ایسوسیشن نے کہا کہ”ڈیوٹی پر موجود سرکاری ملازم کے قتل کے الزام میں سزا یافتہ مجرم کو کم  سنگین  زمرے میں دوبارہ درجہ بندی نہیں کی جا سکتی۔  موجودہ درجہ بندی میں ترمیم جو ڈیوٹی پر موجود سرکاری ملازم کے سزا یافتہ قاتل کی رہائی کا باعث بنتی ہے، انصاف سے انکار کے مترادف ہے۔

سنٹرل انڈین ایڈمنسٹریٹو سروس ایسوسی ایشن نے بہار حکومت کے نام ایک لیٹر جاری کیا ہے جس میں لکھا ہے کہ”اس طرح کی کمزوری استثنیٰ کا باعث بنتی ہے، اس سے سرکاری ملازمین کے حوصلے پست ہوتے ہیں ، امن عامہ کو نقصان پہنچتا ہے اور انصاف کی انتظامیہ کا مذاق اڑایاجاتا ہے۔ ہم ریاستی حکومت سے پرزور مطالبہ کرتے ہیں۔ بہار اپنے فیصلے پر جلد از جلد نظر ثانی کرے۔