بولی سے نہیں تو گولی سے تو مان ہی جائے گا: وزیر اعلی اتر پردیش

نئی دہلی، فروری 02: اتر پردیش کے وزیر اعلی آدتیہ ناتھ نے ہفتہ کے روز بھارتیہ جنتا پارٹی کے رہنماؤں کی ایک جماعت میں شمولیت اختیار کی جو گولیوں سے اختلاف رائے کو ختم کرنے کا مشورہ دیتے ہیں۔ انھوں نے دہلی میں ایک انتخابی جلسے میں شیو عقیدت مندوں کی سالانہ کنور یاترا کو مبینہ طور پر خطرے کا ذکر کرتے ہوئے کہا ”جو بولی سے نہیں مانے گا وہ گولی سے تو مان ہی جائے گا۔”

آدتیہ ناتھ نے روہنی میں ایک ریلی میں دعوی کیا ہے کہ اتر پردیش میں پچھلی حکومتوں نے کنور یاترا پر سخت پابندیاں عائد کردی تھیں۔ انھوں نے کہا کہ جب 2017 میں وہ اقتدار میں آئے تو انھوں نے حکم دیا کہ ان پابندیوں کو بلند آواز سے موسیقی پر پابندی کو ختم کیے جانے کی طرح ہی ختم کر دیا جائے۔ انھوں نے بتایا کہ انھوں نے یہ بھی حکم دیا کہ عقیدت مندوں پر ہیلی کاپٹر سے گلاب کی پنکھڑیوں نچھاور کی جائیں۔ لیکن عہدیداروں نے انھیں بتایا کہ یہ فسادات کا باعث بنے گا جس پر آدتیہ ناتھ کے مطابق انھوں نے عہدیداروں سے کہا "ہم کسی کے تہوار میں خلل نہیں ڈالتے ہیں”۔ انھوں نے کہا کہ ”سب کو اپنے تہوار منانے کے ساتھ ہی ضابطے کی پیروی کرنا چاہیے۔ لیکن اگر کوئی شیو بھکتوں [عقیدت مندوں] کو گولی مارتا ہے، یا فسادات بھڑکاتا ہے، تو اگر وہ بولی سے نہیں مانے گا تو گولی سے تو مان ہی جائے گا۔”

اترپردیش کے وزیر اعلی نے دعوی کیا کہ غازی آباد سے ہری دوار تک کنوریا یاترا ہمیشہ پرامن انداز میں انجام دی جاتی ہے۔

آدتیہ ناتھ نے ہفتہ کے روز چار ریلیاں نکالی- دہلی کے کاروال نگر، آدرش نگر، نریلا اور روہنی میں۔ این ڈی ٹی وی کے مطابق ان کی تقریروں میں صرف بریانی، گولیوں اور پاکستان کے حوالہ جات تھے۔

مشرقی دہلی کے کاروال نگر چوک پر انتخابی ریلی سے خطاب کرتے ہوئے آدتیہ ناتھ نے دعوی کیا کہ شاہین باغ میں مظاہرین شہریت ترمیمی قانون کے خلاف مظاہرہ نہیں کررہے ہیں بلکہ وہ عالمی سطح پر ہندوستان کے عروج پر ناراض ہیں۔ آدتیہ ناتھ نے الزام لگایا کہ "ان کے آبا و اجداد نے ہندوستان کو تقسیم کیا، لہذا ان کو بھی ہمارے ابھرتے ہوئے ایک بھارت شریشٹھ بھارت(بہترین ہندوستان) کے خلاف شکایت ہے۔”

واضح رہے کہ ہفتے کے روز ہی کل ایک بندوق بردار نے شاہین باغ میں فائرنگ کی۔ بندوق بردار نے، جس کی شناخت کپل گجر کے طور پر ہوئی ہے، نے موقع پر کہا کہ ”ہمارے ملک میں صرف ہندوؤں کی چلے گی، اور کسی کی نہیں”۔ اس واقعے میں کوئی شخص زخمی نہیں ہوا اور پولیس نے اسے تحویل میں لے لیا۔

ریاست دہلی کی تمام 70 نشستوں کے لیے اسمبلی انتخابات 8 فروری کو ہونے ہیں، جن کے نتائج 11 فروری کو اعلان کیے جائیں گے۔ 2015 کے انتخابات میں عام آدمی پارٹی نے 70 میں سے 67 نشستیں حاصل کی تھیں جب کہ بی جے پی کو صرف تین اور کانگریس کو ایک بھی نشست پر کامیابی حاصل نہیں ہوئی تھی۔