بنگلور تشدد: سابق میئر اور کانگریس لیڈر سمپتھ راج گرفتار
بنگلور، 17 نومبر: سینئر کانگریسی رہنما اور بنگلور کے سابق میئر سمپتھ راج کو، جو اگست میں شہر میں ہونے والے فرقہ وارانہ تشدد سے متعلق ایک کیس کے اہم ملزم ہیں، پیر کے روز سنٹرل کرائم برانچ نے گرفتار کر لیا۔ راج 30 اکتوبر کو بنگلورو کے ایک نجی اسپتال سے لاپتہ ہوگئے تھے، جہاں وہ کورونا وائرس کا علاج کروا رہے تھے۔
جوائنٹ کمشنر آف پولیس (کرائم) سندیپ پاٹل نے کہا ’’سمپتھ راج کو گرفتار کرلیا گیا ہے۔ مزید تفصیلات کل [منگل کو] دی جائیں گی۔‘‘
واضح رہے کہ اگست میں بنگلورو میں ہونے والے تشدد میں تین افراد اپنی جان سے ہاتھ دھو بیٹھے تھے اور کم از کم 60 زخمی ہوئے تھے۔
اکتوبر میں پولیس نے 300 سے زائد افراد کو تشدد کے الزام میں گرفتار کیا تھا اور پی ٹی آئی کے مطابق ابتدائی چارج شیٹ میں کہا گیا تھا کہ کانگریس پارٹی کی اندرونی دشمنی ہی نے اس فساد کو اکسایا تھا۔ راج اور کانگریس کے ایک اور کارپوریٹر اہم ملزمان میں شامل تھے۔
ہندوستان ٹائمز کے مطابق 13 نومبر کو کرناٹک ہائی کورٹ نے راج کے خلاف ناقابل ضمانت وارنٹ جاری کیا تھا۔ عدالت نے معاملے کی تحقیقات کرنے والے تفتیشی افسر کو ہدایت کی تھی کہ وہ راج کا سراغ لگانے اور اسے گرفتار کرنے کے لیے ہر ممکن اقدامات کرے۔
ہائی کورٹ نے 25 نومبر کو آئندہ سماعت کے دوران مہر بند لفافے میں ملزم کا سراغ لگانے کے لیے اٹھائے گئے اقدامات کے بارے میں بھی رپورٹ طلب کی ہے۔ راج کی پیشگی ضمانت کی درخواست عدالت کے روبرو زیر التوا ہے۔