بنگال: ٹوپی پہن کر ٹرین پر پتھر پھینک رہے ایک مقامی بی جے پی کارکن سمیت پانچ گرفتار

کولکاتا : پولیس نے لنگی اور ٹوپی پہن کر ٹرین پر پتھر پھینک رہے ایک مقامی بی جے پی کارکن اور اس کے پانچ ساتھیوں کوحراست میں لیاہے تھے۔ دی ٹلی گراف کی رپورٹ کے مطابق پولیس نے بتایا کہ مقامی لوگوں نے انھیں مبینہ طور پر ٹرین پر پتھر پھینکتے ہوئے پکڑا تھا۔ پولیس کے افسروں نے بتایا کہ رادھامادھبتلا گاؤں کے لوگوں نے سیالدہ- لال گولا لائن پر جا رہے ایک ٹرائل انجن پر چھ لڑکوں کو پتھر پھینکتے دیکھا اور انہیں پکڑکر پولیس کے حوالے کر دیا۔ انھوں نے بتایا کہ ان چھ لوگوں میں ایک مقامی بی جے پی کارکن ابھیشیک سرکار بھی شامل ہیں۔

مرشدآباد کے ضلع پولیس چیف مکیش نے بتایا ’’ان لڑکوں نے دعویٰ کیا کہ وہ اپنے یوٹیوب چینل کے لیے بنائے جا رہے ویڈیو کے لیےلنگی اور ٹوپی پہن کر شوٹنگ کر رہے تھے۔ لیکن ایسا کوئی یوٹیوب چینل ہے، وہ یہ ثابت نہیں کر پائے۔‘‘ رادھامادھبتلا کے لوگوں کے مطابق ابھیشیک پڑوس کے شریش نگر کا رہنے والا ہے اور بی جے پی کی سبھی مقامی  ریلیوں میں آگے رہتا ہے۔

جمعرات  کو گاؤں والے نے بتایا ’’ہمیں تب شک ہوا جب ہم نے ریلوے لائن کے کنارے ان لڑکوں کو کپڑے بدلتے دیکھا۔ ہم ابھیشیک کو جانتے تھے کیونکہ وہ یہاں کافی بولڈ رہتا ہے۔ تو ہم نے سوچا کہ ان سے آمنے سامنے بات کرتے ہیں۔‘‘ ذرائع کے مطابق اس گروپ میں ایک ساتواں ممبر بھی تھا، جو گاؤں والوں کے ٹوکنے پر بھاگ گیا۔ جمعرات  کو بہرام پور تھانے میں ان سبھی چھ لوگوں سے پوچھ تاچھ کی گئی۔

مقامی بی جے پی ذرائع نے اس بات کی تصدیق  کی ہے کہ ابھیشیک پارٹی کارکن ہے لیکن بی جے پی  ضلع صدر گوری شنکر گھوش نے اس سے انکار کیا ہے۔ اور واقعے سے اپنی لاعلمی کا اظہار کیا ہے۔

جمعرات کومغربی بنگال کی وزیر اعلیٰ ممتا بنرجی نے بنا اس معاملے کا ذکر کیے کہا تھا کہ بی جے پی  اپنے کارکنوں کے لیے ٹوپیاں خرید رہی ہے جس سے وہ اسے پہن کر تشدد کریں اور الزام ایک خاص برادری پر آئے۔

ممتا بنرجی نے کہا تھا ’’بی جے پی کے جال میں مت پھنسنا۔ وہ اسے پوری طرح سے ہندو مسلم کی لڑائی میں بدلنےکی کوشش کر رہے ہیں، جب کہ ایسا کچھ نہیں ہے… ہمیں یہ اطلاع ملی ہے کہ بی جے پی اپنے کارکنوں کے لیے ٹوپی خرید رہی ہے۔ وہ ایک برادری کو بدنام کرنے کے لیے… اسے پہن کرپبلک پراپرٹی کو نقصان پہنچاتے ہوئے تصویریں کھنچوا رہے ہیں اور ویڈیو بنوا رہے ہیں۔‘‘

قابلِ ذکر کے گزشتہ ہفتے جھارکھنڈ میں ایک انتخابی ریلی سے خطاب کرتے ہوئے وزیر اعظم نریندر مودی نے کہا تھا کہ آگ لگانے والوں کی پہچان ان کے کپڑوں سے ہو جاتی ہے۔