بلقیس بانو معاملہ: تمام 11 مجرموں کی دیررات گودھرا جیل میں خود سپردگی
نئی دہلی ،22جنوری :۔
بلقیس بانو معاملے کےگیارہ مجرموں نےبالآخر سپریم کورٹ کی سختی کے بعد اتوار کی دیر رات گودھرا جیل میں خود سپردگی کر دی ۔رپورٹ کے مطابق سخت پولیس نگرانی میں گودھرا سب جیل میں خودسپردگی کی۔ سپریم کورٹ نے بلقیس بانو کیس کے ملزمان کو گجرات حکومت کی طرف سے دی گئی معافی کو منسوخ کرنے کے بعد انہیں 21 جنوری تک جیل میں پیش ہونے کا حکم دیا تھا۔ تمام 11 مجرم دو نجی گاڑیوں میں رات 11:30 بجے سنگواڑ رندھیک پور سے گودھرا سب جیل پہنچے اور خودسپردگی کی۔
آج تک کی رپورٹ کے مطابق مقامی کرائم برانچ کے انسپکٹر این ایل دیسائی نے بتایا تمام 11 مجرموں نے اتوار کی رات دیر گئے جیل حکام کے سامنے خودسپردگی کر دی ہے۔” بتا دیں کہ 8 جنوری کو سپریم کورٹ نے ہائی پروفائل کیس میں 11 قصورواروں کو گجرات حکومت کی طرف سے دی گئی استثنیٰ کو منسوخ کر دیا تھا، جبکہ ریاست کو اپنی صوابدید کا غلط استعمال کرنے پر سرزنش کی تھی۔
چند روز قبل عدالت عظمیٰ نے مجرموں کو سرینڈر کرنے کے لیے مزید مہلت دینے کی استدعا مسترد کرتے ہوئے کہا تھا کہ وہ کسی بھی صورت میں اتوار تک سرینڈر کریں۔ 11 مجرموں میں بکا بھائی ووہنیا، بپن چندر جوشی، کیسر بھائی ووہنیا، گووند نائی، جسونت نائی، متیش بھٹ، پردیپ موردھیا، رادھے شیام شاہ، راجو بھائی سونی، رمیش چندنا اور شیلیش بھٹ شامل ہیں۔