بغیر اجازت جامعہ کیمپس میں پولس کا داخل ہونا ناقابلِ برداشت، ہم اعلیٰ سطحی جانچ کا مطالبہ کرتے ہیں: وائس چانسلر
نئی دہلی: جامعہ ملیہ اسلامیہ کی وائس چانسلر پروفیسر نجمہ اختر نے کہا کہ اتوار کی رات کو پولس نے کیمپس میں گھس کر طلبہ کے ساتھ مارپیٹ اور عوامی املاک کو نقصان پہنچایا، وہ اس سلسلے میں پولس کے خلاف معاملہ درج کرائیں گی۔ پروفیسر نجمہ اختر نے یہاں نامہ نگاروں سے بات چیت میں کہا کہ وہ انسانی حقوق کے وزیر سے اس واقعہ کی اعلی سطحی جانچ کا مطالبہ کریں گی۔
آج بھی جامعہ کے مولانا ابوالکلام آزاد گیٹ پر پولس کی کارروائی اور شہریت ترمیمی قانون کے خلاف لوگ مظاہرہ کررہے ہیں۔ وہیں کچھ طلبہ ہاسٹل خالی کرکے اپنے اپنے گھروں کےلیے نکل رہے ہیں۔ گھرجانے والی ایک طالبہ نے بتایا کہ اتوار کی رات پولس نے ہاسٹل میں جس طرح بربریت سےکام لیا ہے اس سے ہم لوگ دہشت میں ہیں اور ہمارے گھر والے جلد از جلد واپس بلا رہے ہیں۔ ایک دیگر طالبہ نے کہاکہ اتوار کی رات کا واقعہ بے حد خوفناک تھا۔ پولس طلبہ کے ساتھ مجرموں کی طرح پیش آئی۔ پولس نے طلبہ کو گندی گندی گالیاں دیں۔