برطانیہ: ایسکس میں کنٹینر سے ملنے والی 39 لاشیں ’چینی باشندوں‘ کی ہیں
برطانیہ کے علاقے ایسکس میں گذشتہ روز ایک ٹرالر پر موجود کنٹینر سے ملنے والی 39 لاشیں چینی باشندوں کی ہیں۔
ایمبولینس سروس نے برطانوی وقت کے مطابق دن ایک بج کر چالیس منٹ پر پولیس کو لاشوں کے بارے میں آگاہ کیا۔ یہ کنٹینر گریز ایریا کی ایسٹرن ایوینیو پر واٹرگلی انڈسٹریل پارک میں موجود تھا۔
کنٹینر کے ڈرائیور کو قتل کے شبے میں گرفتار کیا گیا ہے اور تفتیش کا عمل جاری ہے۔۔ ڈرائیور کی عمر 25 سال جبکہ تعلق شمالی آئرلینڈ سے ہے۔
شمالی آئرلینڈ میں پولیس نے اس سلسلے میں دو گھروں پر چھاپہ بھی مارا ہے۔
کونسلر پال بیری کے مطابق وہ ٹرالر کے ڈرائیور مو رابنسن کے والد سے رابطے میں ہیں، جن کو اپنے بیٹے کی گرفتاری کا علم بدھ کے روز سوشل میڈیا سے ہوا۔
انھوں نے کہا ’مقامی کمیونٹی امید کر رہی ہے کہ مو رابنسن کو اس معاملے میں بغیر کسی قصور کے پکڑا گیا ہے لیکن یہ ایسکس پولیس کے ہاتھوں میں ہے اور ہم اس معاملے کو ان کے پیشہ ورانہ ہاتھوں میں چھوڑیں گے تاکہ اس جرم کا ارتکاب کرنے والوں کو پکڑا جا سکے۔‘
(بشکریہ بی بی سی، اردو)