بجٹ 2024: تنخواہ دار ٹیکس دہندگان کے لئے راحت کا اعلان

نئی دہلی23جولائی  :۔

مرکزی وزیر خزانہ نرملا سیتارمن نے پارلیمنٹ میں بجٹ 2024 پیش کر دیا۔ اپنی بجٹ تقریر پیش کرتے ہوئے وزیر خزانہ نرملا سیتارمن نے ٹیکس دہندگان کو راحت دینے کا اعلان کیا۔ وزیر خزانہ نے نئے ٹیکس نظام میں نئے سلیب کا اعلان کیا ہے۔

وزیر خزانہ نے کہا ہے کہ غریبوں، نوجوانوں، خواتین، کسانوں جیسے اہم طبقات پر توجہ دینے کی کوشش کی جا رہی ہے۔ روزگار،، متوسط طبقے پر مسلسل توجہ دی جا رہی وزیر خزانہ نرملا سیتا رمن نے انکم ٹیکس سلیب میں بڑی تبدیلیوں کا اعلان کیا ہے۔ اب معیاری کٹوتی کی حد 50 ہزار روپے سے بڑھا کر 75 ہزار روپے کر دی گئی ہے۔ اس نظام میں 3 لاکھ روپے تک کی آمدنی پر کوئی ٹیکس نہیں ہوگا۔ 3 سے 7 لاکھ روپے کی آمدنی پر 5 فیصد انکم ٹیکس ادا کرنا ہوگا۔ اگر آمدنی 7 سے 10 لاکھ روپے ہے تو 10 فیصد کی شرح سے انکم ٹیکس وصول کیا جائے گا۔ 10 سے 12 لاکھ روپے تک قابل ٹیکس آمدنی پر 15 فیصد کی شرح سے انکم ٹیکس عائد کیا جائے گا۔ 12 سے 15 لاکھ روپے تک قابل ٹیکس آمدنی پر 20 فیصد انکم ٹیکس عائد کیا جائے گا۔ 15 لاکھ روپے سے زائد کی قابل ٹیکس آمدنی پر 30 فیصد کی شرح سے انکم ٹیکس عائد کیا جائے گا۔

وزیر خزانہ نرملا سیتارامن نے 2024-25 کے لیے عام بجٹ پیش کرتے ہوئے یہ بھی کہا کہ حکومت ٹی ڈی ایس ڈیفالٹس کے لیے ایس او پی (اسٹینڈرڈ آپریٹنگ پروسیجر) کے ساتھ سامنے آئے گی۔ ایسے جرائم کے لئے معاہدہ کو آسان اور معقول بنایا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ خیراتی ٹرسٹوں کے لیے ٹیکس چھوٹ کے دو نظاموں کو ایک میں ضم کر دیا جائے گا۔