اے آئی ایم آئی ایم سربراہ اسد الدین اویسی کی رہائش گاہ پر شر پسندوں کا حملہ

گزشتہ دیر رات اسد الدین اویسی پارلیمنٹ اسٹریٹ پولیس اسٹیشن پہنچے اور شکایت درج کرائی کہ کسی نے ان کے گھر پر پتھراؤ کیا ہے

نئی دہلی،20فروری :۔
دہلی میں آل انڈیا مجلس اتحاد المسلمین (اے آئی ایم آئی ایم) کے سربراہ اسد الدین اویسی کی رہائش گاہ پر شر پسندوں کے ذریعہ حملے کی اطلاعات ہیں ۔ دیر رات اسد الدین اویسی پارلیمنٹ اسٹریٹ پولیس اسٹیشن پہنچے اور شکایت درج کروائی کہ کسی نے ان کے گھر پر پتھراؤ کیا ہے۔ ابھی تک یہ معلوم نہیں ہو سکا کہ یہ حملہ کب کیا گیا۔ لیکن اویسی کا کہنا ہے کہ ان کے گھر پر پتھراؤ کیا گیا ہے۔
اویسی کی شکایت پر ڈی سی پی اور ایڈیشنل ڈی سی پی اشوک روڈ پر واقع ان کے گھر پہنچے، جہاں وہ جانچ کرنے گئے، اور جانچ میں تین پتھر پڑے پائے گئے۔ پولیس کا کہنا ہے کہ یہ پتھراؤ کب ہوا، اب اس کی تحقیقات کی جا رہی ہیں۔ حالانکہ اویسی اس وقت اپنے گھر پر نہیں تھے۔ پولیس قریب میں نصب سی سی ٹی وی کیمروں کی فوٹیج کو اسکین کر رہی ہے اور یہ جاننے کی کوشش کر رہی ہے کہ یہ حملہ کس نے اور کب کیا۔
پولیس نے بتایا کہ نامعلوم حملہ آور آل انڈیا مجلس اتحاد المسلمین (اے آئی ایم آئی ایم) کے سربراہ اسد الدین اویسی کی رہائش گاہ پر پہنچے اور مبینہ طور پر پتھر پھینک کر کھڑکیوں کو نقصان پہنچایا۔ واقعہ کے بعد اے آئی ایم آئی ایم کے سربراہ نے پولیس سے رابطہ کیا اور شکایت درج کرائی۔ اپنی شکایت میں اسد الدین اویسی نے الزام لگایا کہ ان کی دہلی کی رہائش گاہ پر کچھ نامعلوم "شرپسندوں” نے پتھراؤ کیا۔
یہ واقعہ اے آئی ایم آئی ایم سربراہ کے اشوک روڈ علاقے میں واقع دہلی کی رہائش گاہ کا ہے۔ اویسی نے الزام لگایا،میں 11:30 بجے اپنی رہائش گاہ پر پہنچا۔ واپسی پر میں نے دیکھا کہ کھڑکیوں کے شیشے ٹوٹے ہوئے ہیں اور چاروں طرف پتھر پڑے ہوئے ہیں۔ 5:30 بجے رہائش گاہ پر پتھراؤ کیا گیا تھا۔

Asaduddin Owaisi

چوتھی بار کیا گیا حملہ
مجلس کے سر براہ اسد الدین اویسی نے کہا کہ یہ چوتھی بار اس طرح کا حملہ ہوا ہے۔ میرے گھر کے آس پاس کافی سی سی ٹی وی کیمرے ہیں، اور ان تک رسائی حاصل کی جا سکتی ہے، اور مجرموں کو فوری طور پر گرفتار کیاجانا چاہیے۔ انہوں نے اس معاملے میں فوری کارروائی پر کی اپیل کی۔ انہوں نے مطالبہ کیا کہ ملزمان کو جلد از جلد گرفتار کیا جائے۔